اسلام آباد ( ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کی قانونی، انتظامی اور ادارہ جاتی ڈھانچے کی ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی سے متعلق اجلاس وزیراعظم کے زیر صدارت منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی موجودہ فعالیت کا تھرڈ پارٹی سے آزادانہ جائزہ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیرف رجیم کے تقاضوں کی موثر انجام دہی کے لیے ادارے کی جدید خطوط پر تنظیم نو ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کمیشن کے پاس ملکی کاروبار، درآمدات و برآمدات اور مارکیٹ کے زمینی حقائق اکٹھے کرنے کی موثر استعداد ہونی چاہیے تاکہ پالیسیاں حقائق پر مبنی اور فوری نوعیت کی بنائی جا سکیں۔ مزید برآں وزیراعظم نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو عالمی معیار کی شپنگ کمپنی بنانے کے لیے ایک جامع اور موثر منصوبہ فوری طور پر طلب کر لیا ہے۔
یہ ہدایات وزیراعظم کے زیر صدارت نیشنل شپنگ کارپوریشن کی کارکردگی، اصلاحات اور تنظیمِ نو کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں دی گئیں۔ جبکہ اجلاس کو پی این ایس سی کی موجودہ صورتحال، بحری جہازوں کی تعداد، سالانہ کارگو آمد و رفت، اور مستقبل کی توسیعی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے شپنگ شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، جس سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک مربوط اور قابلِ عمل حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جائے اور مسابقتی بنیادوں پر پی این ایس سی کے جہازوں کو پاکستان میں کارگو آمد و رفت کے لیے موثر انداز میں استعمال کیا جائے۔
مزید برآں وزیراعظم سے بین الاقوامی ای کامرس کمپنی علی بابا گروپ کے 6رکنی وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔ وزیر اعظم سے ملاقات میں وفد کی قیادت انٹرنیشنل مارکیٹس کے صدر جیمز ڈونگ نے کی۔ شہباز شریف نے ای کامرس کو مزید فروغ دینے کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ علی بابا گروپ جیسے پلیٹ فارمز پر اس وقت تین لاکھ سے زائد پاکستانی مصنوعات فروخت کر رہے ہیں، ای کامرس پلیٹ فارمز پر مصنوعات فروخت کرنے والے پاکستانیوں کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جدید دور میں ای کامرس برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کا بہت بڑا ذریعہ ہے، ای کامرس حکومت کے برآمدات پر مبنی معیشت کے ویژن کی تکمیل کے لیے انتہائی اہم ہے۔ مزید برآں وزیراعظم سے قطری کوہ پیما شیخہ اسما الثانی کی ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم نے نانگا پربت سر کرنے پر شیخہ اسما کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے شیخہ اسما کی ہمت، عزم اور حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کو پاکستان کی مانٹینز اینڈ ٹورازم کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قطری کوہ پیما نے پاکستان کے پہاڑوں کی خوبصورتی کو اجاگر کیا، پاکستان دنیا کی 14بلند ترین چوٹیوں میں سے 5کا میزبان ہے، شیخہ اسما کی کامیابی قطر اور پاکستان کی دوستی کی عکاس ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے ایڈونچر ٹورازم اور نوجوانوں کی شمولیت میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے شیخہ اسما کو دوبارہ پاکستان آنے کی دعوت دی اور کہا حکومت غیر ملکی کوہ پیمائو ں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے۔



