لاہور ( سلمان حسین) وزیراعظم شہباز شرف نے پاکستانی فٹبالر محمد ریاض کو 25لاکھ روپے کا چیک دے دیا اور ان کے لیے نوکری کا انتظام بھی کر دیا۔ وزیراعظم نے ہنگو سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کے کھلاڑی محمد ریاض نے ملاقات کی، وزیراعظم نے محمد ریاض حسین کے ہمت و حوصلے کی پذیرائی کی اور 25لاکھ روپے کی مالی معاونت بھی کی، وزیراعظم نے محمد ریاض کو کھیل جاری رکھنے اور پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی نوجوان افرادی قوت ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، پاکستانی کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولیات اور ان کو بین الاقوامی سطح پر مسابقت کیلئے وسائل کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شہباز شریف نے محمد ریاض کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ قوم کے ہونہار کھلاڑی ہیں اور آپ کا ٹیلنٹ ضائع نہیں ہونے دینگے۔
وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ محمد ریاض کو ان کی پسند کے وفاقی ادارے میں ملازمت دی جائے، ملک کی مایہ ناز کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق سرکاری اداروں میں ملازمتیں دی جائیں، ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کی بہبود اور انہیں روزگار کے پائیدار مواقع فراہم کرنے کے لیے حکمت عملی تشکیل کی جائے، نوجوان کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ فٹبالر محمد ریاض نے وزیراعظم کی جانب سے مالی تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کھلاڑیوں کے فلاح و بہبود اور کھیلوں کی ترویج کیلئے اقدامات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔چیک



