اسلام آباد ( ویب ڈیسک) ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آ گئی، پولیس نے مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم کو گزشتہ شب فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا۔
جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس کی شناخت اور گرفتاری ممکن ہوئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملزم نے اسلام آباد میں ثنا یوسف کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔
ٹک ٹاکر کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں۔ مزید برآں آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا ملزم ثنا یوسف سے دوستی کرنا چاہتا تھا، مقتولہ کی جانب سے مسلسل پیشکش مسترد ہونے پر عمر نے انتہائی قدم اٹھایا۔
آئی جی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ملزم عمر حیات میٹرک پاس ہے، اس کے والد گریڈ 16کے ریٹائرڈ سرکاری ملازم ہیں۔
علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ ثنا یوسف کو ملزم نے 5گولیاں ماریں، تفتیش کیلئے7ٹیمیں بنائیں، 113کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی گئیں،300سے زیادہ کالز کا تجزیہ کیا گیا۔



