پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون،دونوں ممالک میں دوستی اور تعاون کی مضبوط محافظ ہے:چین
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات پر چین کی وزارت خارجہ کا بیان سامنے آگیا۔
چینی وزارت خارجہ نے وانگ ای کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاک،چین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے۔
وانگ ای نے کہا کہ پاکستانی فوج نے ہمیشہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عمل درآمد کی بھرپور حمایت کی ہے، دنیا میں پیدا ہوتے ہوئے غیر یقینی حالات میں مضبوط پاک–چین تعلقات کو فروغ دینا علاقائی امن و استحکام کے لیے نہایت سودمند ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ وقت کے کڑے امتحانات کے باوجود پاک-چین تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، دونوں ممالک ایک مضبوط روایتی دوستی قائم کر چکے ہیں جب کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔



