پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

بلوچستان: فتنۃ الہندوستان نے سرکاری افسران کی رہائشگاہیں جلا دیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید،بینک بھی لوٹ لیا

کوئٹہ:(ویب ڈیسک)بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے سرکاری افسران کی رہائش گاہوں پر حملے کر دیے، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت بلیدی شہید ہوگئے، دہشت گردوں نے افسران کی رہائش گاہیں نذر آتش کردیں اور بینک لوٹ لیا۔

ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ضلع سوراب میں سرکاری افسران کی رہائش گاہوں پر حملہ کرکے انہیں نذر آتش کردیا۔

ترجمان کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سوراب ہدایت بلیدی کے گھر کو بھی نذر آتش کر دیا گیا، ان کے گھر میں خواتین اور بچے موجود تھے، اے ڈی سی ہدایت بلیدی دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

ترجمان حکومت بلوچستان کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران کے گھروں کو نذر آتش کرنے کے علاوہ دہشت گردوں نے بازار میں بینک بھی لوٹ لیا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی پراکسیز نے دشمن کی ایما پر کارروائی کی اور سوراب میں ریاستی رٹ چیلنج کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔

شاہد رند کا کہنا تھا کہ سوراب میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز پہنچ گئی ہیں اور سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر کی ہر کوشش ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ضلع سوارب میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل دہشتگردوں نے معصوم و نہتے شہریوں بشمول بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور ان کے لیے صبر کی دعا کی۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں بھارتی پراکسیز دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں، بھارت ان دہشتگردوں کو تربیت، اسلحہ اور مالی معاونت فراہم کرتا ہے اور انہیں اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button