لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جدید طبی سہولیات کے فروغ کے لیے بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی۔ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں انسٹیٹیوٹ آف سرجیکل آرتھوپیڈک اینڈ میڈیکل ری ہیب اور چلڈرن ہسپتال فور قائم کیے جائیں گے، جبکہ متعدد دیگر جدید طبی ادارے بھی میڈیکل سٹی کا حصہ ہوں گے۔
منصوبے کے تحت نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں پلاسٹک ری کنسٹرکٹو سرجری اینڈ برن سینٹر، انسٹیٹیوٹ آف جینیٹک اینڈ بلڈ ڈیزیز، سینٹر آف ایکسی لینس نرسنگ اینڈ مڈوائفری، انسٹیٹیوٹ آف آپتھلمالوجی اور انفیکشن ڈیزیز ہسپتال بھی قائم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں مرحلہ وار 1519 بستروں پر مشتمل سات بڑے ہسپتال تعمیر کیے جائیں گے، جس سے پنجاب میں علاج معالجے کی جدید سہولیات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کا جائزہ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز نے پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے 19 سال بعد مکمل طور پر فعال ہونے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل اور پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر ذیشان حنیف کی کاوشوں کو سراہا۔
اجلاس میں پنجاب بھر کے لیے 110 مجوزہ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سٹوڈنٹس ہاسٹل قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
پنجاب میں نئے ترقیاتی منصوبے
اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت روڈز، ٹرکنگ ٹرمینلز، بس اسٹینڈز، ماڈل بازار اور فوڈ اسٹریٹس کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چار منصوبے کامیابی سے فعال ہو چکے ہیں، جبکہ 27 منصوبوں کی فزیبلٹی تیار کر لی گئی ہے اور دیگر منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پلان میں چار بڑے وزیراعلیٰ انیشی ایٹو بھی شامل کیے گئے ہیں، جن میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں ایف ایم ڈی پروڈکشن پلانٹ، ٹائم ٹریول پارک لاہور، شرمپ فارمنگ اور مائنز ٹو میٹل چنیوٹ منصوبے شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ترقی کا سفر ہر صورت جاری رہے گا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا مقصد ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کو شامل کرنا اور بڑے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے وژن کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔



