کراچی :2درندوں کی 100سے زائد بچوں سے زیادتی
متاثرہ بچے کی نشاندہی پر کارروائی ، ملزم عمران اور وقاص گرفتار،7 مقدمات میں ڈی این اے میچ کر گیا:ایس پی عثمان
کراچی :(کرائم رپورٹر )کراچی پولیس نے 100 سے زائد بچوں سے جنسی زیادتی میں ملوث 2 ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ایس پی انویسٹی گیشن عثمان سدوزئی نے کہا کہ ہماری ٹیم نے متاثرہ بچے کی نشاندہی پر ٹیپوسلطان میں کارروائی کی، گرفتار ملزموں میں مرکزی ملزم عمران اور وقاص خان شامل ہیں۔

پولیس کو 2020 سے 2025 تک 7 شکایات رپورٹ ہوئی تھی،مختلف اضلاع کے کیسز میں ڈی این اے ایک ہی شخص کا ملا تھا، ان تمام کیسز میں 12 سے 13 سال کے لڑکوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور ایک کیس میں بچے سے 2 سے زائد افراد نے زیادتی کی۔
درج شدہ تمام 7 مقدمات میں ملزم کا ڈی این اے میچ کر گیا ہے۔عثمان سدوزئی کا کہنا تھا کہ ملزم عمران منظور کالونی کا رہائشی ہے اور پنکچر کا ٹھیا لگاتا ہے، ملزم عمران نے 6 سال میں درجنوں بچوں سے زیادتی کا اعتراف کیا ہے۔
ملزم نے بچوں کو ملیر ندی کے قریب لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ تین کیسز میں بچوں نے ملزم عمران کو شناخت کیا جبکہ ایک کیس میں بچے نے عمران اور ساتھی وقاص خان کو بھی پہچانا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بچوں کے استحصال کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کروں گے، انہوں نے ملزم کی گرفتاری پر پولیس کو شاباش بھی دی۔
وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت دی کہ ملزم کے خلاف شواہد کی بنیاد پر کیس عدالت میں لے جایا جائے اور مجھے روزانہ کی بنیاد پر کیس کی پیشرفت رپورٹ دی جائے۔



