پاکستانتازہ ترین

پنجاب میں ریلوے ٹرانسپورٹ عہد کا آغاز، مریم نواز نے ایم او یو پر دستخط کر دیئے

حکومت پنجاب علاقائی روٹس پر ڈی ایم یو ٹرینیں فراہم کریگی، وزیر ریلوے حنیف عباسی کا منصوبے کے اجراء پر خراج تحسین پیش

لاہور ( سلمان حسین) پنجاب میں ریلوے ٹرانسپورٹ کے نئے عہد کا آغاز ہوگیا، حکومت پنجاب اور پاکستان ریلوے کے درمیان تاریخ ساز قرارداد مفاہمت طے پا گئی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ایم او یو پر دستخط کر دئیے۔
اس منصوبے کے تحت لاہور سے راولپنڈی پاکستان کی پہلی فاسٹ ٹرین چلائی جائے گی جو سوا دو گھنٹے میں 280کلومیٹر کا سفر طے کرے گی، جبکہ پنجاب کے 20ریجنز میں 8لوکل روٹس پر مجموعی طور پر 1415 کلومیٹر طویل نیٹ ورک قائم کیا جائے گا اور جدید ترین ٹرینیں چلائی جائیں گی۔حکومت پنجاب علاقائی روٹس پر جدید ڈی ایم یو ٹرینیں فراہم کرے گی، منصوبے میں شاہدرہ تا نارووال، نارووال تا سیالکوٹ، رائیونڈ، قصور، پاکپتن تا لودھراں، شیخوپورہ، جڑانوالہ، شورکوٹ، لالہ موسیٰ، ملکوال، سرگودھا، فیصل آباد اور کوٹ ادو تا ڈیرہ غازی خان، کشمور تک بین الصوبائی روٹس شامل ہیں۔
منصوبے کے تحت نئے ریلوے انجن اور جدید کوچز بھی متعارف کروائی جائیں گی جبکہ ریلوے سٹیشنز کی بیوٹیفکیشن، عالمی معیار کی پارکنگ، ریلوے حادثات کے سدباب کیلئے خود کار نظام اور ٹریک کے اطراف گرین پارکس و شجرکاری بھی کی جائے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو منصوبے کے اجراء پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازکی جو سپیڈ ہے، پورے پنجاب کو آٹو پر لگا دیا ہے، ان کی تقلید کرتے ہوئے پاکستان ریلوے کی تاریخ بدلنا چاہتے ہیں۔حکومت پنجاب کی معاونت سے 9 روٹس پر تقریباً 9 کروڑ افراد مستفید ہوں گے اور پنجاب کے عوام کو یورپ کے معیار کے مطابق سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز اس پراجیکٹ کو لیڈ اور سپروائز کریں گی، ان کی قیادت میں پنجاب میں ہیلتھ، ایجوکیشن، آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں، اور ریلوے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی بہتری لائی جارہی ہے۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ لاہور سے راولپنڈی سفر سوا دو گھنٹے میں مکمل ہوگا جبکہ ریلوے ٹریک کے اطراف چار لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے اور شاہدرہ سے رائیونڈ تک گرین پارکس بنائے جائیں گے، وزیراعلیٰ سے پراجیکٹ کی خود نگرانی کی درخواست بھی کی گئی ہے۔دریں اثنا مریم نواز نے پنجاب کے مزید 10 اضلاع میں نئی الیکٹروبسیں دینے کی منظوری دے دی ہے۔
اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ،سیالکوٹ، منڈی بہاالدین اور اوکاڑہ میں الیکٹروبسیں دی جائیں گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے میٹروبس اسٹیشن کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کوبتایا گیا کہ فری ٹرانسپورٹ کے تحت 21روٹس پر روزانہ سوا لاکھ مسافر مستفید ہورہے ہیں جبکہ فری ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت بسوں کے 3560 ٹرپ مکمل ہوئے۔
ماہ رواں میں 100الیکٹرو بسیں، مئی کے وسط تک 350 اور جون کے آخر تک 264الیکٹرو بسیں پنجاب پہنچ جائیں گی۔ اجلاس میں ہر ڈویژن میں الیکٹروبسوں کے لئے خصوصی بس ڈپو قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل لیول پر 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے لئے پلان طلب کرلیا۔
اس موقع پر پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سکیم پر پیشرفت کی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مئی میں 194 اور جون میں 208 ای ٹیکسی آئیں گی۔ اجلاس میں ایمپاور۔ ہر پراجیکٹ کے تحت لاہور میں نئے اور جدید ترین بس سٹیشن کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز نے سرکاری ملازمین کے لئے ای بائیک پراجیکٹ کی بھی اصولی منظوری دے دی۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے پاک بحریہ کے اینٹی شپ میزائل کے کامیاب تجربے پر اظہار تشکر کیا اور اینٹی شپ میزائل کے کامیاب تجربے پر پاک بحریہ اور پوری قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں بحری دفاع کے لئے شب و روز کوشاں ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اینٹی شپ میزائل کے کامیاب تجربے سے بحری دفاع میں اہم کامیابی حاصل کی۔ میزائل کا کامیاب تجربہ ظاہر کرتا ہے امن کے خواہاں ہیں مگر دفاع سے غافل نہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button