پاکستانتازہ ترین

ملکی قیادت نے سفارتی سطح پر اپنا لوہا منوایا، سردار سلیم حیدر

لاہور ( بیورو چیف) امریکہ اور ایران میں ثالثی کا کردار پاکستان بننے کے بعد سب سے بڑی کامیابی ہے۔ ملکی قیادت نے سفارتی سطح پر اپنا لوہا منوایا ہے۔ دنیا آج پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والے میرے لیے قابل احترام ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں سابق ممبر قومی اسمبلی سردار ذوالفقاردُلہ کی قیادت میں ضلع چکوال کی 25یونین کونسلز کے سابق چیئرمینوں سمیت دیگر سے ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے امریکہ اور ایران جنگ بندی کروانے پر پوری دنیا میں عزت دی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران میں ثالثی کا کردار قیام پاکستان کے بعد ملک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ گورنر نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور اس کی ٹیم نے سفارتی سطح پر پوری دنیامیں پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔ اُنہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امریکہ اور ایران کی ثالثی میں سرخرو کرے۔
گورنر نے مزید کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، لیکن قومی مفاد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئے۔ گورنر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا ایجنڈا صرف اور صرف ملکی تعمیر و ترقی اور معاشی طور پر پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ہونا چاہئے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسا ملک بنانا ہے جس میں قانون کی بالادستی و حکمرانی ہو اور کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
گورنر نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے بلاتفریق لوگوں کے لیے کھول رکھے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والے میرے لیے قابل احترام ہیں۔ گورنر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور نبی کریم ؐ کے بعد اپنی پارٹی قیادت کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے گورنر کے عہدے سے نوازا۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیشہ اپنے محنتی ورکرز کو آگے لاتی ہے۔ ملاقات میں 25یونین کونسلز کے چیئرمین، ممبران صوبائی اسمبلی کے علاوہ ڈویژنل صدر اشعر حیات خان، ضلعی صدر راجہ رضوان، راجہ عباس اور دیگر موجود تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button