انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

امریکی میڈیا کا جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف

سربراہ پاک فوج نےبھارتی کشیدگی پر فرنٹ سے لیڈ کی مثال قائم کی،جنرل عاصم منیر بھارتی جارحیت کیخلاف سخت موقف رکھتے ہیں:نیویارک ٹائمز

نیویارک(ویب ڈیسک )امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ پہلگام حملے کے بعد بھارتی جارحیت سامنے آنے پر جنرل عاصم منیر کی قیادت میں مثال قائم کی گئی۔

جنگی مشقوں میں جنرل عاصم نے ٹینک پر چڑھ کر فورسز سے خطاب کیا،امریکی اخبار نے رپورٹ کیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔

جنرل عاصم منیر بھارتی جارحیت کیخلاف سخت موقف رکھتے ہیں، پاکستانی آرمی چیف دو قومی نظریے پر یقین رکھتے ہیں، نریندر مودی مسلمانوں کو اپنے لیے خطرہ سمجھتے ہیں۔امریکی اخبار نے مضمون کا آغاز ان الفاظ سے کیا کہ کچھ عرصہ پہلے تک پاکستان کے سب سے طاقتور شخص نے پردے کے پیچھے رہنے کو ترجیح دے رکھی تھی، اپنے عوامی پروفائل کو سختی سے کنٹرول کیا، اور بیانات کو زیادہ تر فوجی تقریبات کے خطابات تک محدود رکھا۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق 2 ہفتے قبل بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ہونیوالے دہشتگرد حملے کے بعد پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے مرکز میں قدم رکھ دیا ہے۔پہلگام قصبہ کے قریب 2 درجن سے زائد ہندو سیاحوں کی ہلاکت کے بعد جب بھارت میں زبردست ردعمل کیلئے دبائوبڑھ گیا، تو جنرل منیر نے اپنی سخت گفتگو سے پاکستان کے لہجے کو مزید تبدیل کر دیا ہے۔

جمعرات کو ایک فوجی مشق کے دوران ایک ٹینک کے اوپر کھڑے ہو کر جنرل عاصم منیر نے میدان میں موجود فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے، بھارت کی جانب سے کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فوری، پرعزم اور بھرپور جواب دیا جائیگا۔نیو یارک ٹائمز کے مطابق یہ پاکستان کے اس عزم کا حوالہ تھا کہ وہ کسی بھی بھارتی حملے کا مقابلہ کریگا یا اس سے آگے نکل جائیگا۔امریکی اخبارنے مزید لکھا کہ آرمی چیف عاصم منیر کا ردعمل کسی بھی سیاسی اندازے سے زیادہ لگتا ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر 2024 میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے جریدے یونی پاتھ نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں انتہا پسندی کیخلاف توانا آواز اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پر عزم قرار دیتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کی کاوشوں، علاقائی و ملکی استحکام کیلئے کردار اور سماجی و اقتصادی اقدامات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا تھا۔

یونی پاتھ نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو انکی پیشہ ورانہ اور قائدانہ صلاحیتوں پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپہ سالار کو ایسے لیڈر کے طور پر یاد کیا جائیگا، جن کا اولین عزم پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی ہے۔سینٹ کام جریدے میں شائع مضمون میں کہا گیا کہ جنرل عاصم منیر نومبر 2022 میں کمان سنبھالنے کے بعد سے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button