کراچی سمیت کئی علاقوں میں حادثات، 4افراد جاں بحق،11زخمی
احمد پور سیال میں بس ٹرک سے ٹکرا کر کھائی میں جاگری، 3مسافرجاں بحق،9زخمی،کراچی میں ڈمپر نے فیملی کو کچل دیا، بچہ جاں بحق، میاں بیوی زخمی
کراچی:(ویب ڈیسک ) احمد پور سیال کے علاقے باہو پل کے نزدیک لاہور سے لیہ جانے والی مسافر بس دوران کراسنگ ٹرک سے ٹکرا کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 3مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 9افراد شدید زخمی ہوگئے ۔
ریسکیو1122کی ٹیم نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت نذیر احمد، احمد رضا اور غلام عیسیٰ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
کراچی کے علاقے شیرشاہ میں تیزرفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل فیملی کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں 10سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ میاں بیوی 35سالہ رضوان اور 30سالہ لارین زخمی ہو گئے۔
مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی، ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ شیر شاہ گلبائی فلائی اوور کے نیچے پیش آیا۔جاں بحق بچے کی لاش اور زخمی والدین کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔



