آن لائن فراڈ،سابق چیئرمین فیسکوکےگینگ میں چین سمیت7ممالک کےافرادشامل
گینگ کا سرغنہ سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان فرار، میانمار ، سری لنکا ، فلپائن ، بنگلہ دیش ، نائیجیریا ، زمبابوے سے تعلق رکھنے والی خواتین سے جیل میں تفتیش
لاہور:(بیوروچیف) سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان کی سرپرستی میں آن لائن فراڈ گینگ کے ارکان میں چین ، میانمار ، سری لنکا ، فلپائن ، بنگلہ دیش ، نائیجیریا اور زمبابوے کی اٹھارہ خواتین سمیت71 ملزمان بھی شامل ہیں ۔
فیصل آباد کے سینئر جج محمد اشفاق ملک نے 6 مقدمات میں نامزد 18خواتین سمیت 87 ملزم5 روز کے جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کئے جبکہ ساتویں مقدمے کے 62 پاکستانی ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ۔ ملزمان کی پیشی کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری سیشن کورٹس میں تعینات تھی ، فراڈ گینگ کا سرغنہ تحسین اعوان گرفتار نہ ہو سکا ۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی فیصل آباد نے سخت سکیورٹی میں آن لائن فراڈ کے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا ، تفتیشی افسران نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے ریکوری ، دوسرے ساتھیوں کی نشاندہی کے لئے مزید تفتیش درکار ہے اس لئے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے ۔
6 مقدمات میں نامزد 18 خواتین سمیت 87 ملزمان کو پانچ روز کے جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کیا گیا جنہیں 14 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔
ان ملزمان میں سے 18 ملکی و غیرملکی ملزم خواتین کو جیل بھیجنے اور وہیں تفتیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے ساتویں مقدمے کے 62 پاکستانی ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ۔
عدالت میں پیش کئے گئے ملزمان میں سات بیرونی ممالک چین ، میانمار ، سری لنکا ، فلپائن ، بنگلہ دیش ، نائیجیریا اور زمبابوے کی اٹھارہ خواتین سمیت71 ملزمان بھی شامل ہیں
آن لائن فراڈ سے متاثرہ ایک خاتون عائشہ منیر سمیت مختلف شہریوں کی طرف سے درج کروائی گئی ایف آئی آرز کے مطابق سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان نے سرہالی گائوں میں اپنی رہائش گاہ پر ڈیجیٹل سسٹم لگا رکھا تھا اور وہ ملکی و غیرملکی باشندوں کو ملازم رکھ کر ان سے یہ غیرقانونی کام کرواتا تھا ۔ گینگ سوشل میڈیا کے ذریعے آن لائن کام کرنے اور منافع بخش سرمایہ کاری کا لالچ دے کر شہریوں سے جعلی پے اکائونٹس اور بینک اکاونٹس میں بھاری رقوم منتقل کروا کر خوردبرد کر لیتا تھا ۔



