
لاہور:(کرائم رپورٹر)اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کا الزام رکھنے والے ن لیگ ایم پی اے ثاقب چڈھر کے خلاف لاہور میں تین مقدمات درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ثاقب چدھڑ کے خلاف لاہور کے تھانہ ڈیفنس اے میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ تینوں مقدمات ماہ رخ عارف نامی خاتون کی مدعیت میں درج کئے گئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ تینوں مقدمات چیک ڈس آنر کے تحت درج کیے گئے ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق 27 کروڑ روپے مالیت کے 3 چیک ڈس آنر ہوئے۔
مدعی مقدمہ خاتون نے کہا کہ کینسر کی مریضہ ہوں، جائیداد بیچنے کے لیے ثاقب خان سے رابطہ کیا۔ ثاقب خان اور اکبر خان نامی دو ملزمان کو ڈیوس روڈ پر جائیداد فروخت کی۔ 60 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد کا سودا ہوا اور 9 کروڑ روپے مالیت کے 3 چیک دیے گئے۔
ایف آئی آر میں مزید درج کیا گیا کہ اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے پر تینوں چیک ڈس آنر ہوگئے، پیسوں کا مطالبہ کرنے پر واپس دینے سے انکار کردیا گیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔



