ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل نہیں کرنا چاہتے، ایران کا اعلان
بائیڈن انتظامیہ نے خبردار کیا تھا قتل کی کوشش جنگ تصور ہوگی، امریکی میڈیا
تہران: ایران نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل نہ کرنے کا واضح اعلان کیا ہے۔ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنا نہیں چاہتا۔ امریکی میڈیا نے کہا کہ ایران نے گزشتہ ماہ جو بائیڈن انتظامیہ کو اس حوالے سے خط بھی لکھا تھا۔
رپورٹس کے مطابق خط میں ایران نے کہا تھا کہ وہ ٹرمپ کے قتل کی سازش نہیں کرے گا۔ میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ جو بائیڈن انتظامیہ نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی ایرانی کوشش جنگ تصور ہوگی۔ امریکہ نے ٹرمپ کے قتل کی مبینہ منصوبہ بندی کے الزام میں ایک افغان شہری کو گرفتار کیا تھا جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس کا تعلق ایرانی پاسداران انقلاب سے ہے۔
خیال رہے کہ ٹرمپ پر دو بار قاتلانہ حملے کی کوشش ہو چکی ہے جس میں سے ایک بار پنسلوینیا میں انتخابی ریلی کے دوران ان پر حملہ ہوا تھا جس میں وہ بال بال بچ گئے تھے اور گولی ان کے کان کو چھوتی ہوئی گزر گئی تھی۔



