’’ ایڈووکیٹ ڈھلوں‘‘! معروف بھارتی پنجابی اداکار جسوندر سنگھ بھلا دنیا سے رخصت ہو گئے
موہالی (ویب ڈیسک) پنجابی فلم انڈسٹری کے مقبول ترین کامیڈین اور اداکار جسوندر سنگھ بھلّا 22اگست 2025ء کو دنیا سے رخصت ہو گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر جسوندر بھلّا 65برس کی عمر میں موہالی کے فورٹس ہسپتال میں انتقال کر گئے، ڈاکٹر جسوندر بھلّا کی آخری رسومات کل بالونگی کریمیشن گرائونڈ موہالی میں ادا کی جائیں گی۔ ان کے انتقال سے پنجابی انڈسٹری ایک بڑے فنکار سے محروم ہو گئی ہے جنہوں نے اپنے منفرد انداز سے کامیڈی کو ایک نئی پہچان دی۔
جسوندر سنگھ بھلّا کی پیدائش پنجاب میں ہوئی، ان کی شادی پرمدیپ کور سے ہوئی جو چندیگڑھ میں فائن آرٹس کی استاد ہیں، ان کے بیٹے پکھراج سنگھ بھلّا نے بھی اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور اپنے والد کی طرح شہرت حاصل کی۔ جسوندر بھلّا نے اپنے کیریئر کا آغاز 1988 میں کامیڈی البم ’’ چھنکاتا 88‘‘ سے کیا، فلمی دنیا میں انہوں نے اپنا پہلا بڑا کردار ’’ دُلا بھٹی‘‘ میں نبھایا، وہ صرف فلموں تک محدود نہیں رہے بلکہ انہوں نے سٹیج پرفارمنسز اور بین الاقوامی ٹورز کے ذریعے بھی اپنا لوہا منوایا۔
ان کا سٹیج شو ’’ Naughty Baba in Town‘‘ کینیڈا اور آسٹریلیا میں پیش کیا گیا جہاں انہیں پنجابی ڈائسپورا نے بے حد پذیرائی بخشی۔ جسوندر سنگھ بھلّا نے درجنوں سپر ہٹ پنجابی فلموں میں یادگار کردار ادا کیے، ان کے چند نمایاں فلمی پراجیکٹس درج ذیل ہیں، کیری آن جٹّا میں ایڈووکیٹ ڈھلّوں کا کردار ان کی پہچان بن گیا۔ انہوں نے جٹ اینڈ جولیٹ میں اپنی مزاحیہ ٹائمنگ سے فلم کو چار چاند لگا دیئے۔
فیریٹیلیج آف پنجابی کامیڈی فلمز میں باپ یا بزرگ کے کردار کے طور پر منفرد پہچان بنائی، جسوندر نے ویاہ 70کلومیٹر، بھاجی ان پرابلم، منجھے بسسراں دے، سجن سنگھ رنگروٹ جیسی فلموں میں بھی اہم کردار ادا کیے۔جسوندر بھلّا کے مکالموں میں پنجابی سماج کی حقیقتیں جھلکتی تھیں، ان کے کردار صرف ہنسانے تک محدود نہیں رہتے تھے بلکہ طنز و مزاح کے ذریعے معاشرتی مسائل کی عکاسی کرتے تھے، ایڈووکیٹ ڈھلّوں کا کردار ان کے کیریئر کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا جسے پنجابی فلم بین ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
جسوندر سنگھ بھلّا نے پنجابی کامیڈی کو عالمی سطح تک پہنچایا، انہوں نے اپنی فنی زندگی میں یہ ثابت کیا کہ مزاح صرف ہنسنے کے لیے نہیں بلکہ سوچنے پر مجبور کرنے کے لیے بھی ہوتا ہے، ان کی وفات پر فلمی دنیا کے ستارے، ساتھی فنکار اور مداح گہرے صدمے میں ہیں۔ جسوندر بھلّا نہ صرف ایک کامیڈین تھے بلکہ پنجابی کلچر کے نمائندہ بھی تھے، ان کی فلمیں اور مکالمے آنے والی نسلوں کو بھی ہنسی اور سوچ دونوں کا سرمایہ فراہم کرتے رہیں گے۔



