لاہور (بیوروچیف) کسٹمز حکام نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جان بچانے والی ادویات کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کلیکٹر کسٹمز طیبہ کیانی کی نگرانی میں کی گئی۔
خصوصی چیکنگ کے دوران جدہ سے آنے والی پرواز SV734 کے مسافر زوہیب شمس کے سامان سے کروڑوں روپے مالیت کی ممنوعہ ادویات برآمد ہوئیں جوکینسر اور گردوں کی پیوندکاری کے علاج میں استعمال ہوتی ہیں۔ حکام نے ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
کلیکٹر طیبہ کیانی نے کہا کہ میڈیکل ڈرگز اور آلات کی قانونی درآمد میں مشکلات کے باعث کچھ افراد غیر قانونی ذرائع اختیار کر رہے ہیں، جو صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ اسمگل شدہ ادویات جعلی یا غیر معیاری ہوسکتی ہیں، جو انسانی زندگی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
کسٹمز حکام نے اس کارروائی کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں صرف معیاری اور قانونی طور پر منظور شدہ ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ عوام اور کاروباری اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ ادویات کی خریداری کے لیے صرف قانونی ذرائع پر انحصار کریں تاکہ انسانی جانوں کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچایا جا سکے۔



