گورنمنٹ ہائی سکول ڈسکہ کلاں:جہالت کے اندھیروں کیخلاف علم کی شمع جلانے والے سینئر ٹیچرمحمدافضل ریٹائرڈ
ڈسکہ:(شاہد جاوید ڈسکوی)گورنمنٹ ہائی سکول ڈسکہ کلاں میں سینئر ٹیچر محمد افضل کی باعزت ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک پروقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ، سٹاف اور معززینِ علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد محمد افضل کی طویل اور مثالی تدریسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب کے دوران مقررین نے محمد افضل کی تعلیمی خدمات، طلبہ کی کردار سازی میں ان کے نمایاں کردار اور ان کی محنت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ محمد افضل نہ صرف ایک بہترین استاد رہے بلکہ انہوں نے اپنی پوری سروس کے دوران ادارے کی ترقی اور طلبہ کی کامیابی کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔
اس موقع پر سینئر اساتذہ و سٹاف میں رانا محمد ارشد، محمد عفان ظفر، محمد شفیق، امان اللہ انصاری، امتیاز احمد ساہی اور شہباز چیمہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محمد افضل کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر محمد افضل کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ اور تحائف پیش کیے گئے۔ اپنے خطاب میں محمد افضل نے ادارے، ساتھی اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے فرائض کو عبادت سمجھ کر ادا کیا اور انہیں اس ادارے کا حصہ بننے پر فخر ہے۔
تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں شرکاء نے محمد افضل کے لیے صحت، خوشی اور کامیاب مستقبل کی دعا کی۔



