انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

مقبوضہ کشمیر: ’’ شکریہ پاکستان، شکریہ فیلڈ مارشل ‘‘ کے پوسٹر چسپاں

پوری دنیا اس وقت امید و یقین کے ساتھ اسلام آباد کی طرف دیکھ رہی ہے، میر واعظ

سرینگر (ویب ڈیسک) بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پوری دنیا اس وقت امید و یقین کے ساتھ اسلام آباد کی طرف دیکھ رہی ہے اور مشرق وسطی کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے کسی پیش رفت کا انتظار کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میرواعظ نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو بھی امید ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں جاری مذاکرات ایران، لبنان اور بالآخر فلسطین کو تباہی و تشدد سے نجات دلائیں گے۔
میر واعظ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام جو گزشتہ کئی دہائیوں سے مشکلات و تکالیف برداشت کر رہے ہیں ، جنگوں کے ہوشربا نتائج اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے پوری طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل تنازعات اپنے پیچھے تباہی و بربادی اور زخم چھوڑ جاتے ہیں۔
دیرپا امن طاقت کے ذریعے نہیں بلکہ صرف اور صرف انصاف پر مبنی مخلصانہ اور تعمیری بات چیت کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ دریں اثنا مقبوضہ جموں و کشمیر میں سرینگر اور دیگر کئی علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے جن میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں پر پاکستان کی تعریف کی گئی ہے۔
پوسٹروں میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تصویر موجود ہے اور ان میں لکھا ہے ’’ شکریہ پاکستان، شکریہ سید عاصم منیر‘‘ جن کی کوششوں سے خطے میں امن اور امید کی فضا پیدا ہوئی ہے۔
ایر ان ، امریکہ بات چیت نے دنیا بھر کے لوگوں خاص طورپر تنازع سے براہ راست متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو امید کا پیغام دیا ہے۔ مزید برآں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے پرتشدد اور کشمیر مخالف اقدامات سے پورے مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول قائم ہے ، ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے جیلوں اور عقوبت خانوں میں ڈال دیا جا تا ہے ۔ ترجمان نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کافوری نوٹس لیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button