لاہور،چناب نگر (بیورو چیف) لاہور، مانگا منڈی اور چنیوٹ میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سندر روڈ پر تیز رفتار کنٹینر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو افراد حادثے کا شکار ہو گئے، جس کے نتیجے میں 18 سالہ محسن علی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کا دوست بلال شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ کنٹینر ڈرائیور کی تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا۔ زخمی بلال کو فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت زیر علاج ہے۔مانگا منڈی کے علاقے میں ٹریفک حادثہ میں 35سالہ شخص 22ویلر ٹرالر کی زد میں آکر موقع پر دم توڑ گیا ۔
متوفی کی شناخت 35 سالہ سلیم کے نام سے ہوئی۔کاہنہ کے علاقے گجومتہ میٹرو اسٹیشن کے قریب تیز رفتار موٹرسائیکل سوار جنگلے سے ٹکرا کر شدید زخمی ہو گی جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ چنیوٹ کے نواحی علاقہ کا رہائشی نوریز جو میٹرک کا طالب علم ہے گزشتہ روز موٹرسائیکل پر سوار ہو کر گھر جا رہا تھا کہ عقب سے آنے والے ٹرک نے کچل ڈالا جس سے وہ موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
65سالہ بزرگ محمد اسلم سائیکل پر سوار ہو کر گھر جا رہا تھا کہ ٹرالی نے عقب سے اس کو ٹکر مار کر کچل ڈالا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا،ٹرالی ڈرائیورفرار ہو گیا ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے ٹرالی کے ٹائر کے نیچے پھنسی ڈیڈ باڈی باہر نکال کر ورثاء کے حوالے کر دی۔



