پاکستانتازہ ترینکاروبار

پنجاب میں پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے گندم کی خریداری، 1500الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری

گندم کی ریکارڈ پیداوار پرکسانوں کو شاباش ، سب کی وزیر اعلیٰ ہوں، لاہور، گوجرانوالہ الیکٹرک بس سروس کیلئے جون تک کی ڈیڈلائن ، فیصل آباد میں اورنج ، ریڈ بس سروس شروع کرنیکا فیصلہ

لاہور (سلمان حسین ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت گندم کی کٹائی سے قبل صورتحال کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں گندم کی ریکارڈ پیداوار پر پنجاب کے کسان کو شاباش اور زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں صوبے بھر میں گندم کی آزادانہ نقل و حمل کی اجازت دے دی گئی اور پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے گندم کی خریداری، فری مارکیٹ اور ڈی ریگولیشن کی پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کسان ہمارے بھائی ہیں، مفاد کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں کے لئے 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی۔پنجاب کے دور دراز بڑے شہروں میں مرحلہ وار الیکٹرک بسوں پر مشتمل ٹرانسپورٹ سسٹم شروع کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے پراجیکٹس پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں سرگودھا،شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان سمیت چھ اضلاع میں نئے ٹرانسپورٹ سسٹم لانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پہلے مرحلے میں 380الیکٹرک بسوں کی خریداری کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ پہلے مرحلے میں لاہور اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور، گوجرانوالہ الیکٹرک بس سروس کے لئے اگلے جون تک کی ڈیڈلائن مقرر کر دی۔ اجلاس میں فیصل آباد میں اورنج اور ریڈ بس سروس شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ سمندری روڈ تا سرگودھا روڈ ریڈ بس سروس اور جڑانوالہ تا جھنگ روڈ اورنج بس سروس شروع کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بس کے ٹریک کی فوری تعمیر کے لئے پلان طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لاہور میں یلیو لائن الیکٹرک بس کے ٹریک کی پلاننگ کے لئے 15روز کی مہلت دے دی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے الیکٹرک بسوں کے چارجنگ سٹیشن قائم کرنے پلان بھی طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لاہور میں جدید ترین ٹرانسپورٹ ٹاور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی منظوری بھی دی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سب کی وزیر اعلیٰ ہوں، لاہور ہی نہیں باقی شہروں کے عوام کا بھی جدید ٹرانسپورٹ سسٹم پر پورا حق ہے۔

خواہش ہے کہ پنجاب کے ہر بڑے شہر میں شاندار اور جدید ترین بس سسٹم موجود ہو۔ ترقی کے سفر میں سب کو شریک کرنے کے لئے دیگر شہروں میں الیکٹرک بسیں چلائی جائے گی۔

دریں اثنا مریم نوازشریف نے صحت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یوم صحت پر پنجاب کے عوام کو صحت اور علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پنجاب میں ”صحت مند پنجاب“ وژن کے تحت جامع ہیلتھ ریفارمز کا آغاز کر دیا ہے۔ بڑے ہسپتالوں میں علاج معالجہ، طبی ٹیسٹ اور ادویات کی فراہمی کے لئے بھر پور اور موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

مزید برآںوزیراعلی پنجاب نے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سرگودھا کے نواحی گاؤں میں ڈور پھرنے سے امام مسجد کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آرپی او سرگودھا سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلیٰ نے سکیورٹی فورسزکو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تکواڑہ میں 9 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button