تھیٹرز کیلئے نیا قانون آئندہ ہفتے متعارف :عظمیٰ بخاری
17اپریل کو کلچر ڈے منایا جائیگا، پنجاب سینسر بورڈ کی تشکیل نو ہوگی، میرا مقصد کسی کی تضحیک نہیں بلکہ تھیٹرز میں مثبت تبدیلی لانا ہے:وزیراطلاعات
لاہور (کلچرل رپورٹر/اشفاق حسین )وزیراطلاعات وثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے گزشتہ روز کلچرل رپورٹرز سے خصوصی ملاقات کے دوران صوبے میں تھیٹر اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے اہم اعلانات کیے۔

انہوں نے بتایا کہ تھیٹرز کے لیے نیا قانون آئندہ ہفتے متعارف کرایا جائے گا، جس کی تیاری تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کی جا رہی ہے۔میری خواہش ہے تھیٹرز کا ماحول مکمل طور پر فیملی فرینڈلی ہو۔
ہر شہری بلا خوف و خطر اپنی فیملی کے ساتھ تھیٹر دیکھنے آسکے۔جو تھیٹرز میں فحاشی کو فروغ دے گا، اسے پہلے تین نوٹس جاری کیے جائیں گے اور اس کے بعد پنجاب بھر میں تاحیات پابندی عائد کر دی جائے گی۔ اگر ان کے محکمے کا کوئی افسر فحاشی پھیلانے والوں کا معاون ثابت ہوا تو اسے محکمہ سے فوری طور پر فارغ کر دیا جائے گا۔
الحمرا لاہور میں جلد ایک نیا فیملی تھیٹر شروع کیا جا رہا ہے تاکہ معیاری تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔پنجاب سینسر بورڈ کو آئندہ دو سے تین روز میں ازسرنو تشکیل دیا جائے گا تاکہ ثقافتی اقدار کے تحفظ کو مزید موثر بنایا جا سکے۔پاکستانی اسٹیج ڈرامے دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں۔
ہم چاہتے ہیں یہ روایت اعلی معیار اور اخلاقی قدروں کے ساتھ جاری رہے، پنجاب حکومت 17 اپریل کو کلچر ڈے بھرپور جوش و خروش سے منائے گی، جس میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز خود شرکت کریں گی۔عظمی بخاری نے کہا کہ ان کی تربیت کسی کی تضحیک کرنے کی نہیں بلکہ مثبت تبدیلی لانے کی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اب پنجاب آرٹس کونسل کے نوٹس کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔اس موقع پرڈی جی پی آر غلام صغیر شاہد، ڈی جی پکار تنویر ماجد اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا توقیر کاظمی بھی موجود تھے۔



