انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

منظرنامہ بدل رہا، آئیں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے عالمی عہد کریں، مریم نواز

نئے جذبے سے معاشی ترقی، تعلیم، صحت کے انفراسٹرکچر کی بہتری کا آغاز کیا،4ہزار پرائمری سکولوں کو اپ گریڈ کیا، روایتی رکاوٹیں مٹا کر نئی بنیادیں تشکیل دے رہے ہیں: صدر اردوان، خاتون اول سے ملاقات

انقرہ، انطالیہ، لاہور ( ویب ڈیسک،سلمان حسین) پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے ترکیہ میں منعقدہ ڈپلومیسی فورم میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے عالمی سطح پر عہد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں اے آئی (آرٹیفیشنل انٹیلیجینس) یونیورسٹی کا قیام اور اے آئی پر مبنی تعلیم کے فروغ سے مستقبل کا تعلیمی منظرنامہ بدل رہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ڈپلومیسی فورم 2025فورم کے فورتھ ایڈیشن میں ’’خواب دیکھنے، ان کی تعبیر حاصل کر لینے اور کر دکھانے والے رہنمائوں‘‘ کے اجتماع سے خطاب کیا اور اسے اپنے لئے ایک اعزاز قرار دیا۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم سب دنیا کو منصفانہ بنانے اور اجتماعی بہتری کی سوچ کے ساتھ یہاں جمع ہیں، ترکیہ کی خاتون اول امینہ اردوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، معارف فائونڈیشن لائق تحسین ہے جس نے ایک فیصلہ کن مرحلے پر یہ اجلاس منعقد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دو قومیں لیکن ان کے دل ملے ہوئی ہیں اور وہ ایک مشترکہ سوچ اور مقصد کیلئے متحد ہیں، پنجاب کے عوام کی طرف سے ترک بہن بھائیوں کیلئے محبت بھرا سلام اور یک جہتی کا پیغام لیکر آئی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری حکومت بچوں، خواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں تعلیم و ترقی کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کیلئے پورے جذبے، عزم اور محنت سے کام کر رہی ہے، خواتین اور بچوں کی سماجی بہتری کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مارچ 2024میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ان مضبوط بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جو نواز شریف اور شہباز شریف اپنے پہلے ادوار میں تاریخی خدمت کرتے ہوئے قائم کر گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک نئے جذبے اور رفتار سے معاشی ترقی، تعلیم، صحت کے انفراسٹرکچر کی بہتری کا آغاز کیا، 4ہزار سے زائد پرائمری سکولوں کو اپ گریڈ کیا، روایتی رکاوٹوں کو مٹا کر نئی بنیادیں تشکیل دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد یقینی بنانا ہے کہ کوئی بچہ خاص طور پر دیہات میں تعلیم اور سکول سے محروم نہ رہے، پنجاب بھر میں 6ہزار سکولوں میں ڈیجیٹل لرننگ رومز بنائے جارہے ہیں، چاک کے بجائے ٹچ سکرینزکا سفر شروع کر دیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بند سکولوں کو دوبارہ بحال کرکے علم کے گہواروں میں بدلا جارہا ہے، 50ہزار طلبہ کیلئے ہونہار سکالرشپس کا آغاز کیا گیا تاکہ ہر طالب علم کا خواب حقیقت بنے۔ انہوں نے کہا کہ سکول میں بچوں کو دودھ کی فراہمی، غذائیت کی کمی دور کرنے کا پروگرام شروع کیا گیا، معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے 30ہزار نئے اساتذہ میرٹ پر بھرتی کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اکیسویں صدی کے تقاضوںکو پورا کرنے کیلئے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، اے آئی پر مبنی لرننگ پلیٹ فارمز مہیا کئے گئے تاکہ جدید دنیا کی رفتار کے ساتھ ہمارے بچے اور بچیاں ترقی کریں۔ انطالیہ میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کی پہلی اے آئی یونیورسٹی کا قیام اور اے آئی پر مبنی تعلیم کا فروغ مستقبل کا تعلیمی منظرنامہ بدل رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے قصور کی ندا اور اس کے شوہر، جنوبی پنجاب کے اکرام کی تعلیم کا واقعہ بھی سنایا جنہیں پنجاب حکومت کے تعلیم دوست اقدامات سے فائدہ ہوا۔ لاہور میں پہلا نوازشریف انٹرنیٹ سٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلا ’’نواز شریف انٹرنیٹ سٹی‘‘ ڈیجیٹل پاکستان کا نیا چہرہ بنے گا، لاہور میں نوازشریف کے نام سے پہلا انٹرنیٹ سٹی بنانے جارہے ہیں، نصاب کو جدید تقاضوں کیمطابق بنایا جا رہا ہے اور آئی ٹی کی تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم صرف نصابی مواد نہیں بلکہ زخموں کو بھرنے اور محرومیوں کو ختم کرنے کی دوا بھی ہے، ہمیں آج غزہ میں موجود ماں کو نہیں بھولنا چاہئے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ہر بچی کو تعلیم دینا مریم نواز شریف کا مشن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے خطاب میں فلسطینی، کشمیری، افغان اور سوڈان کے بچوں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ فلسطین کے ملبے تلے معصوم بچے دفن ہیں، افغانستان میں بچیوں پر تعلیم کے دروازے بند ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر کے بچے تعصبات اور ظلم کا شکار ہیں، سوڈان میں خوراک کیلئے میلوں چلنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ مسائل ہیں جو تمام انسانیت بالخصوص ہم سب کیلئے باعث فکر و تشویش ہیں لیکن ہم سب کو ملکر ان مسائل کے حل کیلئے کام کرنا ہوگا، ہم ان کی آواز بنیں گے جن کی آواز دبا دی گئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم کیلئے عالمی اتحاد کی ضرورت ہے، آئیں عزت و وقار کی سفارت کاری کا آغاز کریں، خارجہ تعلقات میں انسانیت کو اولیت دی جائے، مراکش سے ملتان، دہلی سے ڈھاکہ تک لڑکیوں کی تعلیم کیلئے عالمی عہد کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترکیہ کی یونیورسٹیوں کو پنجاب میں اپنی تعلیمی خدمات کے آغاز کی دعوت دیتی ہوں۔ مریم نواز نے ترک زبان میں شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم صرف لیڈر نہیں، نجات دہندہ بن کر آئے ہیں، اصلاحات سے ہی نیا مستقبل تعمیر ہوسکتا ہے، پاک-ترک دوستی دلوں کو ملانے اور نسلوں تک قائم رہنے والا رشتہ ہے جو ہمیشہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا رہے گا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی، خاتون اول محترمہ امینے اردوان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
صدر اردوان نے وزیراعلیٰ مریم نواز کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈپلومیسی فورم کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔صدر اردوان نے مریم نواز شریف سے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحت کے بارے میں دریافت کیا، نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا کہ جلد نوازشریف سے ملاقات ہوگی، انشاء اللہ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی محمد نواز شریف کی جانب سے ترکیہ کے صدر کیلئے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ترکیہ کے دورے کی دعوت دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انٹرنیشنل ڈے فار سٹریٹ چلڈرن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سٹریٹ چلڈرن ہمارے کل کا چمکتا ہوا سورج ہیں، انہیں اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لے جانا ہماری ذمہ داری ہے، انشااللہ پنجاب کی کوئی گلی، سڑک اور کونا ایسا نہ ہو گا جہاں کوئی بھی بچہ بے یارو مددگار، بھوکا یا غیر محفوظ ہو۔ جبکہ وزیراعلی مریم نواز نے پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر خواجہ شاہد محمود کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سی تعزیت کا اظہار کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button