لاہو،سرگودھا ( سلمان حسین ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے ایک جماعت نے9مئی کو جو کچھ کیا، وہی سب کچھ دہشتگرد بھی کرتے ہیں، اس بار دشمن نے بھی وہی سب کچھ کرنے کی کوشش کی،9مئی والوں نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، بھارت کا نشانہ بھی پاکستان کی فوجی تنصیبات تھیں،9مئی کو فوجی تنصیبات کو آگ لگائی گئی۔
وزیراعلیٰ نے سرگودھا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن وردیوں کو ڈنڈے مارے گئے، انہیں وردیوں نے آج دشمن سے ہماری آزادی بچائی، جو کچھ 9مئی کو ہوا اور جو کچھ بھارت نے 6اور 7مئی کو کیا، دونوں میں کوئی فرق نہیں۔
ہمارے طیاروں نے بھارت کے رافیل طیارے مار گرائے، ملک کی اصل سیسہ پلائی دیوار ملک کے بچے ہیں، کوئی ملک کو میلی آنکھ سے دیکھے گا تو نوجوانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا پنجاب میں جو پیسہ استعمال ہو رہا ہے وہ ماضی کی حکومت میں پنجاب میں موجود تھا، صوبے کے منصوبوں میں پنجاب کے دستیاب وسائل استعمال کر رہے ہیں، بچوں نے اپنے صوبے اور ملک کو سنبھال کر رکھنا ہے کہ اس میں کوئی سیاسی وائرس نہ آجائے۔
وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر اور ان کی پوری ٹیم کو اچھی کارکردگی پر مبارکباد دیتی ہوں، اگلے 6ماہ میں 110ارب روپے وزارت تعلیم کو دیئے ہیں۔
وزیر تعلیم پنجاب کو کہا کسی سرکاری سکول میں کلاس رومز کی کمی نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا ابھی سکالر شپس لیپ ٹاپس، الیکٹرک بائیک آغاز ہے، اللہ نے موقع دیا تو اگلے 4سال میں عوام کو وسائل کی فراہمی میں کمی نہیں چھوڑیں گے، چاہتی ہوں دوسرے صوبوں میں بھی ترقی ہو، نوجوان ملک کیلئے بنیان مرصوص بنیں۔ مریم نواز نے تقریب سے خطاب میں اہم اعلانات کئے۔ وزیراعلیٰ نے اگلے سال سے ہونہار سکالرشپ کی تعداد مزید بڑھانے کا اعلان کیا۔
پنجاب کے سکولوں میں 50ہزار نئے کلاس روم بنانے اور ہر سرکاری سکول میں ٹائلٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا، چھ ہزار سرکاری سکولوں میں اے آئی اور کمپیوٹر لیب فراہم کرنے کا اعلان کیا اور تمام سرکاری سکولوں میں چیئر، ڈیسک اور دیگر فرنیچر کی فراہمی کا اعلان کیا۔ طلبہ کی الیکٹرک بائیکس کے لئے چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے طلبہ میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ نے نشستوں پر جاکر ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات بھی کی۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ نے سرگودھا کے سب سے بڑے نوازشریف فلائی اوور ہیڈ برج کا افتتاح کر دیا ہے۔ فلائی اوور ہیڈ برج منصوبے کو آٹھ ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے نواز شریف فلائی اوور کا معائنہ کیا اور تعمیراتی معیار کو سراہا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2.2ارب کی لاگت سے مکمل ہونے والا نواز شریف فلائی اوور 1.3کلومیٹر طویل ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر فلائی اوور سے 30ہزار سے زائد گاڑیاں مستفید ہونگی۔ فلائی اوور سے خوشاب، میانوالی اور بھکر کی تمام تحصیلوں سے سرگودھا آنے والے شہری مستفید ہونگے۔ فلائی اوور کے اطراف میں سروس روڈ اور سیور چینل باکس بھی مکمل ہوگیا۔



