انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں

افغانستان سے پاکستان در اندازی کی کوشش ناکام،30خوارج ہلاک

سکیورٹی فورسز نے ممکنہ سانحہ کو بروقت روک دیا،افغانستان اپنی سرزمین کو غیر ملکی ایجنٹوں کے ہاتھوں پاکستان کیخلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئےاستعمال نہ ہونے دے:پاک فوج

راولپنڈی:(ویب ڈیسک)سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے موثر کارروائی میں 30 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق یکم اور دو جولائی 2025 کی درمیانی شب اور پھر 2 اور 3 جولائی کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقہ حسن خیل میں پاک افغان سرحد کے راستے دراندازی کی کوشش کرنیوالے بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت محسوس کیا۔ افواج پاکستان نے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت اور موثر حکمت عملی کے تحت بھارتی سرپرستی میں کام کرنیوالے خارجیوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

اس کارروائی میں تمام 30 بھارتی حمایت یافتہ خارجی ہلاک کر دیئے گئے۔ مارے گئے دہشتگردوں کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، چوکسی اور ہمہ وقت تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ممکنہ سانحہ کو بروقت روک دیا۔آئی ایس پی آر نے باور کرایا ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان کو بھی یہ ذمہ داری نبھانی چاہئے کہ وہ اپنی سرزمین کو غیر ملکی ایجنٹوں کے ہاتھوں پاکستان کیخلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئےاستعمال نہ ہونے دے۔

پاکستان کی سکیورٹی فورسز مادرِ وطن کی سرحدوں کے دفاع اور بھارت کی سرپرستی میں جاری دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔

دریں اثناصدر مملکت آصف علی زرداری نے فتنہ الخوارج کے 30 دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کامیاب کارروائیاں خوش آئند ہیں۔ دہشتگرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئےہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد جماعت فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقہ حسن خیل میں پاکستان ،افغانستان بارڈر پر دراندازی کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی 30 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 30 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر بہادر سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا انجام عبرتناک موت ہے۔ دہشتگردوں اور انکی پشت پناہی کرنیوالوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button