چینی شہریوںکی سکیورٹی،مشترکہ حکمت عملی بنانے پر اتفاق
سی پیک کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا،وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی سفیر سے ملاقات
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہم ترقی اور سکیورٹی کو مربوط کرنے کے چینی تصور سے پوری طرح متفق ہیں، چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ چینی سفارت خانے آمد پر سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کیلئے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے کہاکہ کراچی واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے دو چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمی چینی شہریوں اور انکی فیملیز سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے واقعے کی تفصیلات اور تحقیقات میں پیش رفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ اور چینی سفیر کے درمیان ملاقات کے دوران مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور پاکستانی اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے تیار ہے۔چینی سفیر نے چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر بہترین انتظامات پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی صحت کے متعلق دریافت کیا اور جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔



