ایم ایس کی خلاف ضابطہ تعیناتیاں،پنجاب ڈینٹل کالج لاہورمیں جونئیرڈاکٹربراجمان
سینئر ڈاکٹرز کو انٹرویو کیلئے بلائے بغیر پنجاب ڈینٹل کالج لاہور میں جونئیر ڈاکٹرکو ایم ایس تعینات کیا گیا،فیصل آبادمیں بھی فون پر تعیناتی، ایم ایس ڈینٹل سیکشن پنجاب میڈیکل کالج فیصل آبادکا سیکرٹری ہیلتھ کوخط
لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیرنقوی) سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مختلف ہسپتالوں میں ایم ایس کے عہدے پر تعیناتیاں خلاف ضابطہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے،قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے سینئر ڈاکٹرز کو نظر انداز کرتے ہوئے جونئیر ڈاکٹرز کو ایم ایس تعینات کر دیا گیا۔
پنجاب ڈینٹل کالج لاہور میں بھی ایک جونئیر ڈاکٹر کو ایم ایس تعینات کیا گیا ہے، اس حوالے سے ایم ایس ڈینٹل سیکشن پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد نے سیکرٹری ہیلتھ کو تمام صورتحال سے آگاہ کردیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ڈینٹل کالج لاہور میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے گریڈ 18 میں ایم ایس کی تعیناتی کے لیے سینئرڈاکٹرز کو امیدواران کی دوڑ میں شامل ہی نہیں کیا،سینئرز کی بجائے جونیئرز کو انٹرویو کے لیے بلا کر ان میں سے ایک کی تقرری کر دی گئی،اس حوالے سے حکام نے اعلی عدلیہ کے احکامات کی بھی ہوا میں اڑا دیا۔
ذرائع کے مطابق گریڈ 20 کے سرجن ڈاکٹر شرجیل نے بھی اس عہدہ پر تعیناتی کے لیے درخواست دی تھی لیکن انہیں سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے انٹر ویو کے لیے مدعو ہی نہیں کیا جبکہ جونئیر ڈاکٹرز کو انٹرویو کے لیے بلایا گیا بعدازاں ان میں سے اپنے من پسند ایک ڈاکٹر کی ایم ایس کے عہدے پر تعیناتی کرتے ہوئے احکامات جاری کر دئیے۔
فیصل آباد میں ایک سیٹ کے حوالے سے کوئی اشتہار ہی نہیں دیا گیا بلکہ اپنے ایک من پسند جونئیر ڈاکٹر کو ٹیلی فون کال پر انٹرویو کے لیے بلالیا گیا اور صرف ایک ہی ڈاکٹر کو انٹرویو کے لیے بلانا قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔
میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈینٹل سیکشن پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد ڈاکٹر شرجیل نے سیکرٹری ہیلتھ کو انٹرویو کے عمل میں شامل نہ کرنے پر لیٹر لکھا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ گزشتہ پانچ سال سے بطور ایم ایس ڈینٹل سیکشن خدمات سر انجام دے رہے ہیں لیکن انہیں تعیناتی کے عمل میں شامل نہیں کیا گیا۔



