انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

وزیراعظم، کویتی ولی عہد کی ملاقات، تعلقات کے فروغ پر اتفاق

آسٹریا کے چانسلر سے بھی ملے، تجارتی تعلقات مستحکم کرنیکی ضرورت پر زور دیا

نیویارک، اسلام آباد ( ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت کی برآمد سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دو طرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک کے دورے پر موجود وزیراعظم کی کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ملاقات ہوئی۔
پی ایم آفس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ، تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور کویت ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
شہباز شریف نے حالیہ سیلاب کے بعد کویت کے اظہار یکجہتی پر ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان رواں برس کے آخر میں کویتی ولی عہد کے پاکستان کے سرکاری دورے پر میزبانی کا منتظر ہے، جس کی تاریخیں سفارتی ذرائع سے طے کی جا رہی ہیں۔ دوسری طرف وزیراعظم کی جمہوریہ آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچن اسٹاکر سے بھی ملاقات ہوئی۔ جس میں وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے آسٹریا کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے تجارت، سیاحت، موسمیاتی تبدیلی اور تعلیم کو تعاون کی اہم راہیں قرار دیتے ہوئے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آسٹریا کے چانسلر نے ملاقات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری کو آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا، دونوں رہنمائوں نے بالخصوص سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button