پاکستانتازہ ترینسپورٹس

آئی سی سی میں پاکستانی اور بھارتی بورڈ آمنے سامنے

سوریا نے کھیل کو سیاست میں ملوث کیا،PCBکا بھارتی کپتان کیخلاف خط

لاہور( سلمان حسین) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے خلاف آئی سی سی کو لکھے گئے شکایتی خط کے مندرجات سامنے آگئے۔ ذرائع کے مطابق خط میں لکھا گیا ہے کہ سوریا کمار یادیو نے جان بوجھ کر پہلگام واقعہ اور آپریشن سندور کا ریفرنس دیا، ان کا ایسا رویہ ضابطہ اخلاق کی رو ح کے منافی ہے لہٰذا کارروائی بنتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خط میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ بھارتی کپتان کے بیانات براہ راست پاکستان کے خلاف تھے جس پر سخت ترین کارروائی ضروری ہے اور اگر سوریا کمار یادیو کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو کرکٹ کا میدان سیاسی اکھاڑہ بن جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس تمام معاملے پر آئی سی سی نے بھارتی کپتان کے خلاف انضباطی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔دوسری طرف بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے پاکستانی کھلاڑیوں کی بھی شکایت کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب آئی سی سی کو ای میل لکھی گئی ہے جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی باضابطہ شکایت کرتے ہوئے فاسٹ بولر حارث رئوف اور صاحبزادہ فرحان کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی ای میل میں کہا گیا ہے کہ صاحبزادہ فرحان اور حارث رئوف نے گرائونڈ میں اشتعال انگیز اشارے کئے، حارث رئوف نے تماشائیوں کے کوہلی کوہلی کی آوازیں لگانے پر جیٹ کریش کے اشارے کئے اور 6 صفر کا نشان بنایا جب کہ صاحبزادہ فرحان نے 50 رنز مکمل ہونے پر گن فائر سیلی بریشن کی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ گرائونڈ میں یہ رویہ اسپرٹ آف دی گیم کے خلاف ہے لہٰذا کھلاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہیے۔ادھر جنگ کے میدان میں شکست خوردہ بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو اور انکی ٹیم کی اکڑ اس وقت ڈھیر ہوگئی جب انہیں بنگلادیش کے خلاف میچ کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد سے ہاتھ ملانا پڑگیا۔
دبئی میں ہونے والے ایشیا کپ 2025 سپر فور مرحلے میںگزشتہ روز بھارتی اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیمیں اہم میچ میں آمنے سامنے تھیں۔میچ کے اختتام کے بعد ایسا وقت آیا جب ٹورنامنٹ کے اہم میچ کے بعد بھارتی ٹیم کو پاکستان کے سابق لیگ اسپنر اور بنگلادیش کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد سے مصافحہ کرنا پڑا۔اس دلچسپ لمحے کی تصویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی جو دیکھتے ہی دیکھتے صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی، جس کے بعد صارفین سوال کر رہے ہیں کہ ’اب ان بھارتی ٹیم کی حب الوطنی کہاں گئی؟۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button