لاہور،فیصل آباد (بیورو چیف) لاہور اور فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں اے وی ایل ایس اقبال ٹائون کے ساندہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔
ہلاک ملزم کی شناخت اشرف کے نام سے ہوئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کو اسکے ساتھی چند روز قبل پولیس حراست سے چھڑا کر فرار ہوئے تھے جس کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا ۔ اس دوران ملزم کراس فائرنگ میں ماراگیا۔
دوسرا مبینہ پولیس نشتر کالونی میں ہوا جہاں سی سی ڈی ماڈل ٹائون کے اہلکار ہلاک ملزم راشد کو ریکوری کیلئے لے جا رہے تھے۔ اس دوران اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ان کی گولیاں لگنے سے زیر حراست ملزم مارا گیا جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزم ڈکیتی، راہزنی کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔فیصل آباد کے تھانہ صدر کے علاقہ ستیانہ روڈ اعوان والی پلی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں فاروق عرف فاروقی ولد محمد علی سکنہ240 ہلاک ہوگیا۔ مرنے والا ڈاکو فاروق ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو 32قتل اقدام قتل ، بھتہ خوری، ڈکیتی ،راہزنی کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔



