وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے سرکاری دورے پر — پُرتپاک استقبال، اہم معاہدوں کا امکان
دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط کئے جائیں گے، شہباز شریف
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم گزشتہ روز کوالالمپور کے بنگا رایا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے تو ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فاضل، پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے ان کا استقبال کیا۔
کوالالمپور کی شاہراہیں پاکستانی اور ملائیشیائی پرچموں سے سجی تھیں۔ وزیراعظم شہباز شریف، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی خصوصی دعوت پر دورے پر پہنچے ہیں۔ وزیراعظم کی رہائش گاہ پر آمد کے موقع پر انور ابراہیم نے خود ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ “ملائیشیا آ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔”
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں ہوں گی، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے جائیں گے، جس سے پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملنے کی توقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان–ملائیشیا تعلقات میں استحکام اور خطے میں معاشی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔



