پاکستان، ملائیشیا تعلقات مزید مستحکم — دفاعی و معاشی شراکت بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم کو ملکی تعمیر و ترقی میں غیر معمولی قیادت، خدمات کے اعتراف میں ملائیشیا کی یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری عطا
کوالالمپور / اسلام آباد (ویب ڈیسک) — پاکستان اور ملائیشیا نے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، دفاعی اور معاشی تعاون بڑھانے اور سٹریٹجک پارٹنر شپ کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے وزرائے خارجہ کی سطح پر مشترکہ کمیشن کا اجلاس جلد بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا نے تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں ملکوں نے پام آئل کی برآمدات میں اضافہ، سپلائی چین کو مستحکم رکھنے اور حلال سرٹیفکیشن و حلال فوڈ انڈسٹری میں باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
دورے کے دوران پائیدار زراعت، سائنسی تحقیق اور ٹیکنالوجی میں اشتراک پر بھی بات چیت ہوئی۔
دونوں ملکوں نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، دفاعی صنعت میں شراکت بڑھانے، تعلیم، فنی تربیت، ہوا بازی، صحت، دوا سازی اور طبی آلات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
پاکستان اور ملائیشیا نے سیاحت کے فروغ پر زور دیتے ہوئے “وزٹ ملائیشیا 2026” مہم میں پاکستان کی شرکت کا خیرمقدم کیا۔ مزید برآں قابلِ تجدید توانائی، موسمیاتی لچک، صاف توانائی منصوبوں، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان اور ملائیشیا اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور ڈی۔8 میں باہمی حمایت جاری رکھیں گے۔ دونوں ملکوں نے غزہ میں نسل کشی کی مذمت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اسلامو فوبیا اور مذہبی امتیاز کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی آف ملائیشیا کی جانب سے “لیڈرشپ اینڈ گورننس” میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی گئی۔
تقریب میں ملائیشیا کی ملکہ تنکو عزیزہ امینہ میمونہ سکندریہ نے وزیراعظم کو اعزاز پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب میں کہا کہ قیادت ایک امانت ہے، امتیاز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیانت، اخلاص اور عدل کے ساتھ ہی قوموں کو ترقی دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے قومی استقامت کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے جامع پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔



