نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا دورہ بنگلہ دیش، اہم ملاقاتیں
تعلقات مستحکم کرنے، خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ
کراچی(ویب ڈیسک) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ اختتام پذیر ہو گیا۔ دورے کے دوران انہوں نے اعلیٰ عسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کی اور اہم بحری تنصیبات کا دورہ کیا۔ امیر البحر کا دورہ پاک بحریہ کے جہاز سیف کے چٹاگرام پورٹ کے دورے کے ساتھ منعقد کیا گیا۔
دورے کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے چیف آف آرمی سٹاف بنگلہ دیش جنرل وقار الزمان، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ایم نظم الحسن، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل حسن محمود خان اور بنگلہ دیش آرمڈ فورسز کے پرنسپل سٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران دفاعی سلامتی اور خطے میں باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ نیول چیف نے نیشنل ڈیفنس کالج (NDC)، بنگلہ دیش کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے صدر این ڈی سی اور فیکلٹی ممبران سے بات چیت کی۔ دورے کے دوران امیر البحر کو این ڈی سی، بنگلہ دیش کے مینڈیٹ اور اہم پروگراموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چٹاگرام میں بنگلہ دیش نیوی کے کمانڈر چٹاگرام (COMCHIT)، کمانڈر نیوی فلیٹ (COMBAN) اور ایریا سپرنٹنڈنٹ ڈاکیارڈ ASD) نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقاتیں کی۔ نیول چیف نے بنگلہ دیش نیول اکیڈمی (BNA)کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمانڈنٹ اور فیکلٹی ممبران سے بات چیت کی۔ انہوں نے بنگلہ دیش نیول اکیڈمی کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہا اور میری ٹائم ڈومین میں بحری افواج کے لیے جدید تعلیم و تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔
چٹاگرام پورٹ پر پی این ایس سیف پر عشائیے کا انعقاد کیا گیا، جہاں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے چیف آف دی نیول سٹاف بنگلہ دیش نیوی کا پرتپاک استقبال کیا۔
عشائیے میں سفارت کاروں، اعلیٰ عسکری حکام، سکالرز، صحافیوں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی، جو خلیج بنگال اور بحر ہند کے خطے میں پرامن تعاون کے عزم کا مظہر ہے۔ دورہ دوطرفہ بحری تعلقات کو فروغ دینے اور پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میری ٹائم سیکورٹی تعاون کو مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔



