لاہور،کراچی(ویب ڈیسک)گڈز ٹرانسپورٹر ز ایسوسی ایشنز نے ( آج) جمعرات سے ملک بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا اور کہا ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق لوکل گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز نے ملک بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، جو ( آج) جمعرات سے نافذ العمل ہوگی۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ بندش کے دوران تمام بندر گاہوں پر ٹرانسپورٹ آپریشنز، لوڈنگ اور ان لوڈنگ مکمل طور پر بند ہوں گے۔ صدر ٹرانسپورٹرز گڈز ایسوسی ایشن ملک شہزادکا کہنا تھا کہ ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی اور مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ملک شہزاد نے کہاکہ حکومت ہوش کے ناخن لے، حکومت کیا چاہتی ہے ہم اپنا کاروبار مکمل بند کر دیں؟ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنی کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی بروقت ترسیل متاثر ہونے کی ذمہ داری حکومت پر ہے۔ لوکل گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر طارق گجر نے بتایا کہ اجلاس میں مکمل اتفاق رائے کے بعد ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کل سی پورے ملک میں لوڈنگ، ان لوڈنگ اور دیگر ٹرانسپورٹ آپریشنز بند ہونگے۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس شکیل قریشی نے کہا کہ وزیر ٹرانسپورٹ نے مذاکرات کے دوران مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم پنجاب حکومت نے ٹویٹ کے ذریعے مذاکرات میں پیشرفت سے انکار کر دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا اور ٹرانسپورٹرز اپنا حق حاصل کرنے تک ہڑتال سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔دریں اثنا ملک بھر میں گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث اشیائے خور و نوش، صنعتی خام مال اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل بری طرح متاثر ہے۔
لاہور، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں مال بردار گاڑیاں، ٹرک اور کنٹینرز اڈوں پر کھڑے ہونے سے تجارتی سرگرمیاں ٹھپ ہو گئی ہیں جبکہ عام شہریوں کو بھی آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سپلائی چین میں تعطل کے باعث منڈیوں میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے ملک گیر ہڑتال کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل حل کرے تاکہ سپلائی چین کا نظام بحال ہو سکے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداران صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کے ساتھ مسلسل مذاکرات کئے جائیں اور ان کے تحفظات کو سنجیدگی سے دور کیا جائے۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قیادت نے اس بحران کے خاتمے کیلئے عملی پیشکش بھی کی۔



