اسلام آباد ( ویب ڈیسک) چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ مہنگے کپڑوں، گاڑیوں اور گھروں کی نمائش کرنے والے ریڈار پر ہیں۔
میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے بتایا کہ ایک سال میں شوگر انڈسٹری سے جمع سیلزٹیکس میں 40ارب روپے کا اضافہ ہوا، پہلے ٹیکس والی چینی اور بغیر ٹیکس والی چینی کا ریٹ الگ الگ تھا، اب کوئی بغیر ٹیکس والی چینی کا سٹاک رکھنے والے کا نام بتائے تو ایسے افراد کیخلاف سخت ترین کارروائی ہوگی، ٹیکس چوروں کیخلاف ایک چیف کمشنر انفوسٹمنٹ مقرر کر دیا ہے۔
ٹیکس چوروں کیخلاف ملک بھر میں کارروائیاں چیف کمشنر کے ماتحت ہوں گی۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گوشوارہ کم ظاہر کرنے والے 30افراد کو نوٹس جاری کر چکے ہیں، ٹیکس چوروں کیخلاف کارروائیوں کی یومیہ رپورٹ مرتب ہورہی ہے۔
سمگلنگ کے سامان کی ترسیل روکنے کیلئے سخت کارروائیاں ہورہی ہیں، سمگلرز نے کسٹم حکام کو نقصان پہنچایا، دو ٹیکس اہلکار شہید ہوئے لیکن سمگلنگ کیخلاف کارروائیوں یہ سلسلہ اب تھمنے والا نہیں ہے۔



