لاہور ( سلمان حسین ) ایچ بی ایل پی ایس ایل 11میں پشاور زلمی نے بابر اعظم کی سینچری کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 118رنز سے ہرا دیا۔ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 255رنز بنائے، یہ پی ایس ایل کا تیسرا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔ پشاور زلمی کی جانب سیکپتان بابر اعظم نے اننگز کی آخری گیند پر 2رنز بناکر ٹی ٹوئنٹی کی اپنی بارہویں سنچری مکمل کی۔ بابرا عظم نے سنچری 52گیندوں پر سکور کی ، جس میں 6چوکے اور 4چھکے شامل تھے۔
ان کے علاوہ کوشال مینڈس نے 83رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ویرات کوہلی کی 47شراکتوں کا ریکارڈ بھی برابر کرنے میں کامیاب ہوگئے، اُنہوں نے میچ میں کوشال مینڈس کے ساتھ دوسری وکٹ پر 135رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ کوئٹہ کی جانب سے عثمان طاق، ابرار احمد اور جوزف نے ایک ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹرز وقفے وقفے سے پویلین پہنچتے ر ہے، ٹیم 19ویں اوور میں 137رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، بیون جیکبز نے 34رنز کی قابل ذکر اننگز کھیلی۔ علی رضا اور محمد باسط نے تین، تین، ایرن ہارڈی نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، اس فتح کے ساتھ پشاور زلمی کے 15پوائنٹس ہوگئے ہیں، وہ ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست بھی ہے۔
اس سے قبل 28ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 11رنز سے ہرادیا۔ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں7وکٹ کے نقصان پر 207رنز سکور کیے۔
ملتان کی جانب شان مسعود نے 46، جوش فلپی نے 44اور اویس ظفر نے 36رنز سکورکیے۔ کراچی کنگز کی جانب سے خوشدل شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں کراچی کنگز کے بیٹرز نے اچھی فائٹ کی لیکن وہ 196رنز پر ہمت ہار گئے۔ ریزا ہینڈرکس نے 49، عباس آفریدی نے 34اور معین علی نے 27رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کے عرفات منہاس نے تین اور پیٹر سڈل نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔



