انٹر نیشنلبلاگپاکستانتازہ ترینکالم

فیلڈ مارشل نے پاکستان ناقابل تسخیر بنا دیا

تحریر: فرخ ریاض بٹ

بھارت کی جانب سے برسوں سے جاری پراکسی سرگرمیوں، سرحدی اشتعال انگیزیوں اور پاکستان کو دبائو میں لانے کے بے نتیجہ حربوں نے خطے کو مستقل کشیدگی کی حالت میں رکھا ہوا ہے۔ ایسے میں چیف آف آرمی اسٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسرز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت اور افغانستان کی طالبان رجیم کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے طالبان پر واضح کیا کہ ان کے پاس خوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کے انتخاب کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔

فیلڈ مارشل نے یہ بھی واضع کیا ہے کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا، تمام یہ جان لیں پاکستان ناقابل تسخیر ہے، ملکی خود مختاری، علاقائی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔امن کی خواہش کا اظہار کمزوری نہیں اور طاقت کا استعمال جارحیت نہیں بلکہ ریاستی دفاع کا بنیادی حق ہے۔

پاکستان کے عسکری ڈھانچے میں ایک تاریخی اور ہمہ گیر تبدیلی کا جو عمل حالیہ دنوں میں سامنے آیا ہے، وہ نہ صرف قومی سلامتی کے نئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے بلکہ یہ ایک اہم اور دور رس اصلاح بھی ہے جس سے مستقبل میں ریاستی دفاع کا مجموعی نظام زیادہ مربوط،پختہ اور فیصلہ کن انداز میں کارفرما ہوسکے گا۔ پاکستان کی عسکری قیادت کا یہ دوٹوک موقف بھارت سمیت دنیا کو یہ باورکرانے کے لیے کافی ہے کہ پاکستانی قوم اور اس کی مسلح افواج ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں کسی سمجھوتے کے لیے تیار نہیں۔

پاکستان نہ تو جنگ کا خواہش مند ہے اور نہ ہی کسی بیرونی مہم جوئی کا محرک، البتہ یہ بھی حقیقت ہے کہ تاریخ کا ہر باب اس گواہی پر مہر تصدیق ثبت کرتا ہے کہ پاکستانی قوم نے اپنے وطن کے دفاع کے لیے ہمیشہ یکجا ہوکر ناقابل تسخیر قوت ثابت کی ہے۔اسی طرح افغانستان میں موجود طالبان انتظامیہ کو جو واضح پیغام دیا گیا، وہ بھی علاقائی سیکیورٹی کی ضروریات اور زمینی حقائق کی روشنی میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

پاکستان نے بارہا واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف اس کی جنگ نہ تو کسی مخصوص گروہ کے خلاف ہے اور نہ ہی اسے کسی دوسرے ملک کی داخلی سیاست میں مداخلت کا شوق ہے، لیکن جب سرحد پار سے منظم دہشت گردانہ حملے ہوں، پاکستان دشمن گروہوں کو پناہ گاہیں فراہم کی جائیں اور خوارج جیسی تنظیمیں افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کریں، تو پھر خاموشی نہ تو ممکن ہوتی ہے اور نہ ہی مناسب۔

فیلڈ مارشل نے یہ کہہ کر حقیقت کو اس کے اصل تناظر میں پیش کیا کہ طالبان کے پاس دو ہی راستے ہیں یا وہ خوارج کا ساتھ چھوڑ کر علاقائی امن اور ہمسائیگی کے تقاضوں کا احترام کریں یا پھر ایسے عناصر کے ساتھ کھڑے رہیں جنھوں نے مسلم ممالک کی جڑیں کھوکھلی کرنے اور خطے میں بدامنی پھیلانے کو اپنا ایجنڈا بنایا ہوا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اس توقع کا اظہارکیا ہے کہ افغان قیادت خطے کی اجتماعی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے گروہوں سے لاتعلقی اختیار کرے گی، جو امن کے دشمن اور ریاستوں کے لیے ایک مستقل خطرہ ہیں۔

بدلتے ہوئے عالمی اور علاقائی سیکیورٹی ماحول نے جدید جنگی حکمت عملی کو ملٹی ڈومین آپریشنز کے تصور سے جوڑ دیا ہے، جہاں بری، بحری اور فضائی افواج محض اپنی اپنی سطح پر نہیں بلکہ ایک ہم آہنگ، مربوط اور مشترکہ آپریشنل فریم ورک میں کام کرتی ہیں۔ ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اسی اہم تناظر میں کیا گیا ہے۔ دنیا کی جدید افواج پہلے ہی اس ماڈل کی طرف گامزن ہیں، جہاں ادارہ جاتی ہم آہنگی کو طاقت کا بنیادی محرک سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان نے بھی اس جدید ماڈل کو اپناتے ہوئے یہ واضح کردیا ہے کہ وہ دفاعی امور میں جدیدیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے تقاضوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔فیلڈ مارشل کا یہ کہنا نہایت اہم تھا کہ نئی تنظیم کے باوجود تینوں افواج اپنی اندرونی خود مختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی۔

اس کا مقصد واضح ہے کہ ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز ایک بالائی مربوط پلیٹ فارم فراہم کرے گا، مگر یہ کسی بھی افواج کے اندرونی نظام میں دخل اندازی نہیں کرے گا۔ یوں ایک طرف مشترکہ کمانڈ کا مو ثر نظام قائم ہوگا، جب کہ دوسری طرف ہر سروس اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور مخصوص آپریشنل ذمے داریوں کے تحت اپنی شناخت اور فعالیت برقرار رکھے گی۔یہ ماڈل اس لیے بھی ناگزیر تھا کہ نئی نسل کی جنگیں محض روایتی جنگی محاذوں تک محدود نہیں رہ گئیں۔ سائبر حملے، ہائبرڈ وار، معاشی دبائو ، معلوماتی محاذ آرائی اور پراکسی جنگ جیسے نئے خطرات اب عسکری حکمت عملی کا بنیادی حصہ ہیں۔ ایسے حالات میںمربوط، جامع اور ہم آہنگ حکمت عملی ہی دفاعی کامیابی کی ضمانت بنتی ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج نے اندرونی محاذ پر بھی گہرے چیلنجز کا سامنا کیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف دو دہائیوں پر محیط جنگ، بے شمار قربانیاں، لاکھوں شہریوں اور ہزاروں جوانوں کی لازوال جدوجہد اس بات کی گواہ ہے کہ پاکستان نے دنیا میں سب سے طویل اور مشکل ترین دہشت گردی کے چیلنج کا مقابلہ اپنے وسائل، اپنے عزم اور اپنے خون سے کیا۔ فیلڈ مارشل نے درست کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، مگر یہ امن کمزوری یا پسپائی سے نہیں بلکہ طاقت، قربانی اور ثابت قدمی سے حاصل کیا گیا ہے۔اب بھی اگر دہشت گرد عناصر دوبارہ سر اٹھانے کی کوشش کریں یا بیرونی طاقتیں انھیں سہارا دینے لگیں، تو پاکستان ایسی کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

دنیا میں وہی ممالک محفوظ رہتے ہیں جو اپنی اندرونی صف بندی مضبوط رکھتے ہیں اور اپنی حدود کی حفاظت کے لیے واضح حکمت عملی اختیار کرتے ہیں۔اس حقیقت کا اعتراف بھی ضروری ہے کہ پاکستان کی معاشرتی اور سیاسی استحکام کا دار و مدار بھی اس بات پر ہے کہ ریاست کے ادارے ہم آہنگی، نظم اور یکسوئی کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں۔ قوم اس امر سے بخوبی آگاہ ہے کہ دفاعی محاذ پر مضبوطی، داخلی استحکام سے براہ راست جڑی ہوتی ہے۔ مسلح افواج نے اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریوں میں ہمیشہ سیاست سے بالاتر رہ کر ملک کی سلامتی اور تحفظ کو اولیت دی ہے اور آج بھی ملک کے دفاع کا مرکزی ستون وہی ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی سیاسی قیادت، سماجی اداروں اور معاشی ڈھانچے کو بھی اپنے اپنے دائرے میں ذمے داری نبھانا ہوگی، تاکہ پاکستان ایک ہمہ جہت مضبوط ریاست کے طور پر ابھر سکے۔

ریاستی سلامتی کے اس وسیع اور پیچیدہ منظرنامے میں پاکستان کی عسکری قیادت کے مضبوط موقف نے اس امرکو یقینی بنایا ہے کہ کوئی بھی قوت پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی غلطی نہ کرے۔ پاکستان ایک امن پسند ملک ضرور ہے، مگر یہ امن دبائو ، خوف یا مصلحت کی بنیاد پر نہیں بلکہ اصول، انصاف اور خود اعتمادی کی بنیاد پر قائم ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button