پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریںکاروبار

پنجاب میں کرائے پر ای بائیک متعارف،جانیئے کس شہرسے ہوگا آغاز؟

لاہور:(بیوروچیف)پنجاب حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جدید طرز کی ای بائیک کرائے پر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں شہر بھر میں 10 ہزار ای بائیکس اور 300 ڈاکنگ و چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے جس سے شہریوں کو اہم رہائشی اور کمرشل علاقوں سے قریبی پبلک ٹرانسپورٹ اسٹیشنز تک آسان اور کم لاگت سفری سہولت میسر آئے گی۔

محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق یہ منصوبہ لاہور میں جدید "لاسٹ مائل کنیکٹیویٹی” سسٹم کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور شہری موبائل ایپ کے ذریعے چند سیکنڈز میں ای بائیک حاصل کر سکیں گے۔

منصوبے کے تحت 10 ہزار ای بائیکس کے استعمال سے شہر میں سالانہ ہزاروں ٹن کاربن اخراج میں کمی متوقع ہے جبکہ ٹریفک کے دباؤ، ایندھن کے اخراجات اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

ترجمان کے مطابق پی ایچ اے ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز کے لیے جگہ فراہم کرے گا، جبکہ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ، سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے بھی اس منصوبے کا حصہ ہوں گے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کے تحفظ سے متعلق تمام شرائط کو یقینی بنایا جائے اور کم عمر افراد کو ایپ کے استعمال کی اجازت نہ دی جائے۔

نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے گرین موبلٹی وژن کے تحت ماحول دوست سفری نظام متعارف کروایا جا رہا ہے جس سے طلبہ، ملازمین اور عام شہریوں کو جدید اور سستی سفری سہولت میسر آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسموگ اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے جدید منصوبے متعارف کروائے جا رہے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکنگ اسٹیشنز کے لیے موزوں مقامات کا انتخاب کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق منصوبے کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے حاصل کرنے کے بعد اس پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button