
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان مختلف بجٹ تجاویز پر اتفاق ہوگیا، وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کی پیش کردہ بجٹ تجاویز منظور کرلیں، بجٹ کی تاریخ کا اعلان بھی آج ہوجائے گا، کشمیر کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے حکومت کو مذاکرات کا راستہ اپنانے کی تجویز دیدی۔
وزیراعظم شہباز شریف وفاقی وزرا کے ہمراہ ایوان صدر پہنچے جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کا استقبال کیا۔
دونوں جماعتوں کے درمیان ایوان صدر میں ایک اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت آصف علی زرداری نے کی۔ ملاقات میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت موجود رہی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا سمیت وزانہ خزانہ کے حکام، بلاول بھٹو اور ان کی بجٹ کمیٹی کے ارکان، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور سمیت دیگر موجود تھے۔
دوران اجلاس وفاقی بجٹ سمیت، آزاد کشمیر کی صورتحال پر بات ہوئی۔
صدر زرداری اور بلاول بھٹو نے تجویز دی تھی کہ آزاد کشمیر میں مذاکرات کا آغاز کیا جائے اور معاملات کو سیاسی طریقے سے حل کیا جائے، آج اجلاس میں اس تجویز کو وزیراعظم کے سامنے رکھا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بجٹ سازی پر بھی بات ہوئی۔ کچھ دن قبل پیپلز پارٹی نے مختلف تجاویز حکومت کو پیش کی تھیں اور مطالبہ کیا تھا کہ ان تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے، بلاول بھٹو نے جو تجاویز پیش کی تھیں ان پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا جس کے سبب دوران اجلاس بلاول نے تحفظات کا اظہار کیا اور انہوں نے وزیراعظم سے ایک علیحدہ ملاقات بھی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ وزیراعظم پیپلز پارٹی کی سفارشات کی منظوری دے دیں گے، اس ملاقات کے بعد بجٹ پیش کرنے کی تاریخ کا بھی اعلان کیا جائے گا۔



