لاہور ( بیورو چیف قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان کہا ہے کہ آنیوالا دور مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا ہے، اس لیے ہمیں 2025 سے 2030 کے درمیان اپنے پرائمری سکولوں سے ہی اے آئی اور ڈیجیٹل تعلیم کا آغاز کرنا ہوگا۔
وہ پنجاب یونیورسٹی الرازی ہال میں ہنر مند پنجاب سکالر شپ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں اس خطے کی واحد حکومت ہے جس نے اپنے تعلیمی بجٹ کو تین گنا بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند پنجاب اور ای روزگار جیسے پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہیں اور ہماری نوجوان نسل کو جدید تقاضوں کے مطابق ہنر مند بنانا ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 60 ہزار سرکاری سکول موجود ہیں اور اگر اس سطح پر انقلابی فیصلے کوئی کر سکتا ہے تو وہ وزیر اعلیٰ مریم نواز ہیں۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہاکہ حکومت پنجاب نوجوانوں کی تعلیم اور فلاح کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی کے بالمقابل پھولوں کی مارکیٹ میں دکانوں کی نیلامی سے حکومتی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ گوگل کے اشتراک سے ہزاروں طلبہ کو مفید ڈیجیٹل کورسز کروائے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دو برسوں میں پانچ لاکھ بچوں کو ڈیجیٹل سکلزفراہم کی جائیں گی، ایک ملین ڈیجیٹل کورسزکروائے جائیں گے اور صوبے بھر کے ہائی سکولوں میں چار ہزار اے آئی لیبز قائم کی جا رہی ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی فلاح اور تعلیم کے لیے سنجیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پنجاب اور سائبر سکیورٹی کے شعبے میں پنجاب یونیورسٹی ایک بڑا پارٹنر ہے ۔ تقریب کے اختتام پر قرعہ اندازی کے ذریعے طالبہ نمرہ چوہدری کو ای بائیک دی گئی۔دریں اثنا قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں سے چین کے سبکدوش قونصل جنرل ژائو شریں نے گورنر ہائوس لاہور میں الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور سٹریجٹک شراکت داری پر تفصیلی گفتگوکی گئی جبکہ دفاع، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں پاک چین تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ سبکدوش چینی قونصل جنرل ژائو شریںکی سفارتی خدمات قابل تحسین ہیں، پاک چین دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مضبوط ستون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا، سی پیک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا گیم چینجر منصوبہ ہے۔



