لاہور(سلمان حسین)آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے حوالے سے بنگلہ دیش کے تحفظات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق ہوگا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بنگلہ دیش کے میچز بھارت میں ہی کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بورڈ میٹنگ میں فیصلہ سکیورٹی کے جائزے کے بعد کیا گیا، جائزے کے مطابق بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں، میڈیا پرسنز ، آفیشلز اور فینز کو بھارت کے کسی وینیو پر خطرہ نہیں ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بورڈ ممبرز کے مطابق یہ قابل عمل نہیں ہے کہ ٹورنامنٹ کے قریب شیڈول تبدیل کیا جائے۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بی سی بی سے ایونٹ کے سکیورٹی پلان کو شیئر کیا جاتا رہا ہے۔دوسری جانب کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے ورلڈکپ کے لیے بھارت نہ جانے کی صورت میں آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جگہ ایک اور ٹیم کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو کہا گیا ہے کہ حکومت کو بتادیں اگر ٹیم بھارت نہیں بھیجیں گے تو بنگلہ دیش کی جگہ نئی ٹیم شامل کی جائے گی۔دریں اثنا بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ورلڈکپ کیلئے بھارت نہ جانے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط لکھ دیا۔
رپورٹس کے مطابق خط میں پاکستان نے بنگلہ دیش کے موقف کی حمایت کی اور اس تمام صورتحال میں بھارت میں ورلڈ کپ میچز نہ کھیلنے کے بنگلہ دیش کے موقف کی تائید کی۔



