انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

کوہاٹ، لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر کارروائیاں، 11دہشت گرد ہلاک

اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ، ہلاک خوارج علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے، آئی ایس پی آر

کوہاٹ، لکی مروت ( مانیٹرنگ ڈیسک) سی ٹی ڈی اور کوہاٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ ڈی پی او کوہاٹ شہباز الٰہی کے مطابق سی ٹی ڈی اور کوہاٹ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ تھانہ لاچی کے مختلف علاقوں میں دہشتگرد موجود ہیں اور کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی اور پولیس کی بھاری نفری نے مشترکہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کیا۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں 6دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا، علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔ ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں کی جانب سے رات کی تاریکی میں پولیس چیک پوسٹ کھتی پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا، جس میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ پولیس نے کوئیک رسپانس دیتے ہوئے بھرپور جواب دیا اور دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے حملہ کے پسپا کر دیا۔
پولیس کے جوابی وار سے دہشتگرد فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔ زخمی کانسٹیبل کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ دہشت گردوں کی جانب سے پھینکے گئے دستی بموں اور بارودی مواد کو بی ڈی یو ٹیم نے ناکارہ بنایا۔ ادھر ضلع لکی مروت میں بھی فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 5دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 15مارچ کو خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا اور ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔ مزید بتایا گیا کہ علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن ’’ عزم استحکام‘‘ کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاچی، کوہاٹ میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پولیس اور سی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے 6دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر پولیس اور سی ٹی ڈی کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں، خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے دلیر جوانوں پر فخر ہے، خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائیاں قابل تعریف ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button