پاکستانتازہ ترین

پٹرول قیمتوں کیخلاف PTI کارکن سڑکوں پر آگئے، پتھرائو، شیلنگ، کئی گرفتار

کراچی ( ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے کارکن پٹرول کی قیمتوں پر احتجاج کرنے کے لئے سڑکوں پر آ گئے، کئی گرفتار کر لئے گئے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے احتجاج کا واقعہ کراچی سے رپورٹ ہوا ہے۔ پولیس نے احتجاج کو روکنے کے لئے کراچی پریس کلب کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کر کے آمد و رفت مسدود کی لیکن احتجاج پھر بھی ہو گیا۔
پریس کلب پر جمع ہو کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، مہنگائی کیخلاف احتجاج کو روکا گیا تو پی ٹی آئی کے کارکن فوارہ چوک پر جمع ہو گئے اور وہاں احتجاج کیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کے دوران پولیس پر پتھرائو کیا جبکہ پولیس نے جواب میں شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔ پتھرائو کے باعث کئی پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کے بعد پی ٹی آئی کے مظاہرین منتشر ہو گئے۔ ایس ایس پی سائوتھ مہروز علی نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے اجازت کے بغیر احتجاج کیا، کارکنوں نے پولیس پر پتھرائو کیا جبکہ پولیس نے جوابی شیلنگ کی اور 15سے زائد افراد کو حراست میں لیا۔
مہروز علی نے بتایا کہ پولیس پر حملے، ریاست مخالف نعرے و دیگر دفعات پر کارروائی ہوگی۔ جبکہ پولیس اور انتظامیہ نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کراچی پریس کلب جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا ہے۔ مزید برآں کراچی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال کے بعد شہر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button