PSL 11پاکستانتازہ ترینسپورٹس

کراچی کنگز کی شاندار فتح، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9وکٹوں سے شکست،

لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 6وکٹ سے ہرا دیا

لاہور ( سلمان حسین ) وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا فیصلہ، پی ایس ایل 11فائنل میں شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دیدی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سو شل میڈیا اکائونٹ ایکس پر وزیراعظم کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی تھی کہ شائقینِ کرکٹ کو سٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دی جائے۔
وزیراعظم بھی شائقین کو اجازت دینے کے حق میں تھے، تاہم ملک بھر میں کفایت شعاری اقدامات نافذ ہیں اور ایندھن کے استعمال میں کمی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
محسن نقوی کے مطابق فرنچائز مالکان کی درخواست پر وزیراعظم نے پی ایس ایل 11کے فائنل میں شائقین کو سٹیڈیم آنے کی خصوصی اجازت دے دی ہے جس پر ہم وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پی ایس ایل کا فائنل تین مئی کو لاہور میں کھیلا جائیگا۔ دوسری جانب پی ایس ایل میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو6وکٹ سے ہرا دیا۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے 4وکٹوں کے نقصان پر 199رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی جانب سے مائیکل بریسویل 83اور بابر اعظم 59رنز بناکر نمایاں رہے۔ لاہور قلندرز نے 200 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان58 اور ڈینئل سیمز 35رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔
پشاور زلمی کی پی ایس ایل 11میں یہ پہلی شکست ہے، لاہور قلندرز کی فتح کے بعدکراچی کنگز کی ٹیم پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز چوتھی پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ حیدر آباد کنگز مین اب بھی پلے آف کی دوڑ میں شامل ہے۔ حیدرآباد کنگز مین کو پلےآف میں پہنچنے کے لیے راولپنڈیز کو آئندہ میچ میں شکست دینا ہوگی۔ حیدر آباد کنگز مین کو لاہور قلندرز سے رن ریٹ بہتر کرنے کے لیے بڑے مارجن سی جیتنا ہوگا۔
اس سے قبل سپر لیگ میں کراچی کنگز نے یک طرفہ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9وکٹوں سے شکست دے دی ۔ پی ایس ایل 11کا سینتیس واں میچ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا، کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اووروں میں 6وکٹوں کے نقصان پر 195رنز بنائے۔
اوپنرز شمائل حسین اور خواجہ نافع بغیر کوئی سکور بنائے پویلین لوٹ گئے، تیسری وکٹ کی شراکت میں ریلی روسواور کپتان سعود شکیل نے 148رنز کا اضافہ کیا، ریلی روسو 90اور سعود شکیل 57رنز بناکر آئوٹ ہوئے ،دیگر کھلاڑیوں میں حسن نواز اور جہانداد خان 3،3رنز بناکر آئوٹ ہوئے، دنیش چندیمل30اور الزاری جوزف2رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی، رضوان اللہ اور عباس آفریدی نے 2،2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ 196رنز کے ہدف کے حصول کے لیے بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے 18.3اووروں میں ایک وکٹ کے نقصان پر199رنز بناکر میچ جیت لیا ۔کراچی کنگز کے واحد آئو ٹ ہونے والے کھلاڑی جیسن رائے تھے وہ 20رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ڈیوڈ وارنر 90اور رضا ہینڈرکس87رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے ،دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 141رنز کا اضافہ کیا اور ناٹ آئوٹ رہے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جہانداد خان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button