انٹر نیشنلبلاگپاکستانتازہ ترینسپورٹس

پاکستان فٹبا ل کا روشن ستارہ ارسلان قومی سلیکشن کمیٹی کی توجہ کا منتظر

 صومالیہ کی انڈر 19 ٹیم کیخلاف شاندار کارکردگی دکھا نے والے نوجوان فٹبالر قومی ٹیم میں شمولیت کے منتظرہیں

لاہور:(محمد قیصرچوہان) ناصر شہید فٹ بال کلب کے نوجوان فٹبالرارسلان احمد خان پاکستان فٹ بال کا ایک روشن ستارہ بن کر اُبھرے ہیں ۔ لیفٹ آﺅٹ اور فل بیک کی پوزیشنز پر کھیلنے والے نوجوان فٹبالر پنجاب فٹ بال اکیڈمی کی انڈر 19 ٹیم کی طرف سے صومالیہ کی انڈر 19 فٹ بال ٹیم کے خلاف میچ کھیل کر شاندار کار کردگی دکھاچکے ہیں ۔
 نوجوان فٹ بالر ٹرین ودکاکا (TWK)کلب کی جانب سے بھی میچز کھیل کرشاندار پرفارم کرچکے ہیں ۔ارسلان احمد خان کا شمار باصلاحیت ترین نوجوان فٹبالرز میں ہوتا ہے اور انہیں پاکستان فٹبال کا ابھرتا ہوا سپر اسٹار تصور کیا جارہا ہے۔
انتہائی کم عمری میں انہوں نے اپنی غیر معمولی مہارت، برق رفتار ڈربلنگ ،درست پاسنگ ،شوٹنگ پاور اور اچھل کر ہیڈ کے ذریعے گیند کو کلیئر کرنے کی منفرد صلاحیت کے ذریعے کارکردگی دکھا کراپنی صلاحیتوں کالوہا منوایاہے۔
میدان میں تتلی کی طرح متحرک رہنے والے ارسلان احمد خان کے قدموں سے فٹ بال اس طرح لپٹا رہتا ہے، جیسے برسوں کی شناسائی ہو، وہ دفاعی کھلاڑیوں کے درمیان سے ایسے گزرتا ہے، جیسے پانی اپنی راہ خود بنا لیتا ہے، اس کی برق رفتار ڈربلنگ، لمحوں میں بدلتے فیصلے، حیران کن پاس، گول کرنے کی بے مثال صلاحیت اور ٹیم کیلئے کھیلنے کا جذبہ اسے ایک میچ ونر کھلاڑی بناتا ہے۔
 ناصر شہید فٹ بال کلب لاہور کینٹ اورپنجاب فٹ بال اکیڈمی کے تربیت یافتہ نوجوان پلیئر ارسلان فٹ بال کھیلنے کیساتھ ساتھ ایل ایل بی کی تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں۔
پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر رونالڈو کو آئیڈیل بنا کر میدان میں اترنے والے نوجوان فٹ بالرکی کھیل سے گہری وابستگی اور مسلسل محنت کو دیکھتے ہوئے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ مستقبل میں پیشہ ورانہ فٹ بال میں نمایاں مقام حاصل کر کے اپنے خاندان اور ملک کا نام روشن کریں گے ۔
 نوجوان فٹ بالر کی شاندار کارکردگی قومی سلیکشن کمیٹی کی تو جہ کی منتظر ہے ارسلان احمد خان اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان فٹ بال ٹیم میں شمولیت کیلئے بڑے پُر عزم ہیں ۔
Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button