لاہور ( بیورو چیف) ملک بھر میں گیس بحران میں اضافے کے پیش نظر آر ایل این جی سپلائی متاثر ہونے سے نئے گھریلو گیس کنکشن روک دیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق پہلے سے دی گئی درخواستوں پر عملدرآمد ملتوی کر دیا گیا، جبکہ ارجنٹ واوچر اور ڈیمانڈ نوٹس جمع کروانے والوں کے کنکشن کا عمل بھی روک دیا گیا ہے، یہ پابندی عائد ہونے سے ہزاروں نیو کنکشن التوا کا شکار ہوگئے ۔
یاد رہے کہ کئی سال کی پابندی کے بعد چند ماہ قبل ہی نئے کنکشن دینے کا عمل شروع کیا گیا تھا، جبکہ گیس بحران پیدا ہونے سے قبل سیکڑوں نئے کنکشن لگائے جا چکے ہیں۔ حکام کے مطابق گیس کی کمی کے باعث ملک بھر میں پہلے ہی گیس صارفین کو محدود وقت کیلئے گیس دی جا رہی ہے۔
سینئر جنرل مینجر سوئی ناردرن عمران یوسف کا کہنا ہے کہ آر ایل این جی سپلائی رکنے سے عارضی طور پر نئے کنکشن روکے گئے ہیں، تاہم گیس سپلائی بہتر ہوتے ہی کنکشن لگانے کا عمل فوری شروع کر دیا جائیگا۔



