راولپنڈی (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی دو کوششیں ناکام بناتے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ خوارج کے 13 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا بروقت پتہ لگایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ خوارج کے 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان میں بھی پاک افغان سرحد پر خوارج کی ایک اور دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 5 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے سے روکے اور اپنے شہریوں کو دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے باز رکھے۔
فوج کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں، جبکہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔



