خیبر پختونخوا:گندم خریداری، کلائمیٹ ایکشن بورڈ ترمیمی بل سمیت اہم منصوبے منظور

پشاور:(ویب ڈیسک)معاونِ خصوصی اطلاعات خیبر پختون خوا شفیع جان نے بتایا ہے صوبائی کابینہ نے کلائمیٹ ایکشن بورڈ ترمیمی بل 2026ء کی منظوری دے دی۔ایک بیان میں شفیع جان نے کہاصوبائی کابینہ نے 2 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری بھی دے دی۔
گندم کی قیمت ساڑھے 3 ہزار روپے فی 40 کلو مقرر کی گئی ہےجس کی خریداری پر 19 ارب 68 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اقلیتی طلباء کے لیے11 کروڑ 25 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے، دہشت گردی سے متاثرہ اقلیتوں کے انڈومنٹ فنڈ کی رقم 30 کروڑ روپے کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مردان، نوشہرہ اور ہری پور میں مختلف واقعات کے متاثرین کے لیے امدادی پیکیج منظور کیا گیا ہے، ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لیے 16 کروڑ 81 لاکھ روپے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی ہے۔انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ سائنسز کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا ذیلی ادارہ قرار دینے کی منظوری دی گئی ہے اور کے پی کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی میں ڈائریکٹر جنرل کی پوسٹ پر تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔
مینگورہ سوات میں کڈنی ہسپتال کو جدید کڈنی ٹرانسپلانٹ سینٹر بنانے کے لیے 18 کروڑ روپے اضافی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔



