عمران خان کی رہائی کا مشن،پی ٹی آئی،تحریک تحفظ آئین کا بڑے جلسوں کا اعلان
نواز، شہباز ، زرداری بڑے آدمی ہونگے مگرسب سے بڑا پاکستان ہے،آ پ کون ہیں مائنس کرنے والے؟ آج وفاداریاں نہ بیچنے والے غدار ہیں:محموداچکزئی،عمران خان سے وفا نبھائیں گے:سلمان اکرم، اسد قیصر

لاہور:(عاطف عارف)پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آئین کے تحفظ اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے جلسے جلوس کرنے کااعلان کر دیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، سردار لطیف کھوسہ، عمر ڈاراور حقوق خلق پارٹی کے عمار جان نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
محمود خان اچکزئی نے کہا تمام ادارے برباد ہو چکے ہیں، دنیا میں کہیں نہیں سنا کہ کسی پارٹی کا انتخابی نشان لے لیا جائے، بانی پی ٹی آئی ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے، آج وفاداریاں نہ بیچنے والے غدار ہیں۔ ہم کہتے ہیں پاکستان میں منتخب پارلیمنٹ ہو، طاقت کا سرچشمہ پارلیمنٹ ہو، فیصلے منتخب پارلیمنٹ کرے،ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ،ہم لڑائی جھگڑے والے لوگ نہیں ہیں۔
نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری، عمران خان بڑے آدمی ہوں گے لیکن سب سے بڑا پاکستان ہے، ہم نے فیصلہ کر لیا ہے گلی گلی جائیں گے، ہم اداروں سے کہتے ہیں سیاست آپ کا کام نہیں ہے، مائنس عمران خان کا ماحول بنایا جا رہا ہے، ایسی ہر کوشش کی تحریک تحفظ آئین پاکستان مزاحمت کرے گی، آ پ کون ہوتے ہیں مائنس کرنے والے۔
ہم جلسے کریں گے، جلوس نکالیں گے، ہم پر امن رہیں گے اور اگر ہمارا راستہ روکا گیا تو یاد رکھو فوج اور عوام کی لڑائی میں عوام جیت جاتی ہے۔ ہم وارننگ دے رہے ہیں ہمارا راستہ نہ روکنا، ہم خانہ جنگی نہیں کریں گے۔ ہمیں جدو جہد نہ کرنے دی گئی تو پھر ہم کہیں گے کہ جیلیں کھول دیں، آپ کی جیلیں بھر جائیں گی، آپ کو جیلوں میں جگہ نہیں ملے گی۔
پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نےکہا کہ سیاست کا واحد محور یہ ہے کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم آخری دم تک عمران خان کے ساتھ وفا نبھائیں گے، کیونکہ آج عمران خان کے ساتھ پاکستانی قوم کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ پاکستانی قوم کو جھٹلایا جا سکتا ہے، اس ملک میں حرمت کو دھتکارا جا سکتا ہے، یا اس ملک میں آواز کو دبایا جا سکتا ہے، تو وہ بے وقوف ہے، ایسا نہیں ہوگا۔
تاریخ گواہ ہے کہ عوام کے ریلے کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی اور عوام کا یہ ریلا عمران خان کو آزاد کرائے گا۔عمران خان کی رہائی اورصحت سے بڑھ کر ہمارے لیے کچھ اہم نہیں۔ ہم آج پاکستان کے ہر مزدور اور ہر کسان سے کہتے ہیں کہ تمہارا مستقبل، تمہاری حقیقی آزادی، عمران خان کی آزادی سے منسلک ہے۔ ہم نے اکٹھے لڑنا ہے، ہم نے تمہاری آزادی کے لیے لڑنا ہے۔ تمہارے روزگار کے لیے لڑنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ہماری سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے، مزید گفتگو بھی ہوگی۔
عمران خان نے محمود خان اچکزئی پر اعتبار اور بھروسہ کیا ہے۔ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں لیڈر آف دی اپوزیشن بنانے کا فیصلہ عمران خان کا ہے۔عمران خان کا مجھے حکم ہے کہ میں مشاورت اور رہنمائی محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے لوں اور ہم ان کی رہنمائی اور مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔ آج کسان رو رہا ہے، مزدور بے روزگار ہے اور بے روزگاری پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ بے حس حکومت ہے جو عیاشیاں کر رہی ہے، جہاز خرید رہی ہے، دنیا سے تعریفیں سمیٹ رہی ہے، لیکن مزدور کا چولہا نہیں جل رہا،ہم نے عمران خان کی رہنمائی میں یہ جنگ لڑنی ہے ،ہم کبھی اس میدان سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم ڈٹے ہوئے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا پنجاب میں کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے، ہم کسانوں کے ساتھ ہیں، کسان تنظیموں کے پاس جائیں گے، ان کو اپنےساتھ انگیج کریں گے، کسانوں کے ساتھ مل کر تحریک چلائیں گے، یہ پارٹی عمران خان کی ہے۔اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ بانی کی جگہ لے سکتا ہے تو وہ غلط فہمی میں ہے۔ ہماری جدوجہد پرامن ہوگی۔ جدوجہد کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔



