غزہ:اسرائیلی بمباری ،بچی،خاتون سمیت 5فلسطینی شہید، امدادی سامان کی ترسیل مکمل معطل
صیہونی ریاست کی مغربی کنارے میں فلسطینی خواتین کو گرفتار کرنے کی شرم ناک مہم،ایک ماہ میں 95خواتین پابند سلاسل
غزہ،تل ابیب:(ویب ڈیسک) اسرائیل نے غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ اور خان یونس پر فضائی حملے کیےجن میں بچی، خاتون سمیت 5فلسطینی شہید اور 11زخمی ہو گئے۔

غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک خاتون اور ایک بچے کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں بالخصوص خواتین کی گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، گزشتہ روز صیہونی اہلکاروں نے کبار، جنین نابلس سے 8خواتین کو حراست میں لیا۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے 95فلسطینی خواتین کو گرفتارکر کے جیلوں میں منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں بغیر مقدمہ چلائے قید کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں اسرائیل نے غزہ کی تمام گزرگاہوں کو بند کر دیا ہے اور انسانی امداد کی ترسیل کو مکمل طور پر معطل کر دیا ہے۔صیہونی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں غزہ کے تمام راستوں کو بند کرنے اور اگلے نوٹس تک امدادی سامان کی ترسیل معطل کرنے کا اعلان کیا،دو گزرگاہوں کریم شالوم اور رفح کراسنگ کو بالخصوص سِیل کر دیا گیا ہے جہاں سے امدادی سامان کا بیشتر حصہ گزرتا ہے۔
یاد رہے کہ عالمی امدادی تنظیمیں پہلے ہی غزہ میں بھوک کی صورت حال کے مزید خراب ہونے کے بارے میں خبردار کر چکی ہیں اور اب صیہونی ریاست کے اس فیصلے کے بعد انسانی بحران مزید بڑھنے کا خطرہ ہے۔



