پاکستانتازہ ترین

پنجاب سے سرٹیفائیڈ اسکلڈ فورس کی برآمد شروع، ہنرمند نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں: مریم نواز

لاہور (سلمان حسین)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سرٹیفائیڈ اسکلڈ ورک فورس کی ایکسپورٹ شروع کر دی ہے، جبکہ ’’پرواز کارڈ‘‘ پروگرام کے ذریعے صوبے کے 5 لاکھ نوجوانوں کی تقدیر بدلنے کا سفر جاری ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ’’پرواز کارڈ‘‘ پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہنرمند نوجوان نہ صرف اپنے خاندانوں کی بہتر کفالت کر سکتے ہیں بلکہ ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ بھی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ’’پرواز کارڈ‘‘ سکیم کے تحت تربیت یافتہ 135 نوجوانوں کا پہلا گروپ 28 جون کو بیرون ملک روانہ ہو رہا ہے، جہاں انہیں روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت 5 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو ان کی پسند اور عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید ہنر کی تربیت فراہم کر رہی ہے، کیونکہ غیر ہنرمند افراد کے مقابلے میں اسکلڈ ورکرز کو دنیا بھر میں زیادہ عزت اور بہتر معاوضہ ملتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے نوجوانوں کو لینے والا نہیں بلکہ دینے والا بنایا ہے، نوجوان اپنی صلاحیتوں اور محنت کے ذریعے نہ صرف اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک روزگار کے مواقع نوجوانوں کے لیے انتہائی اہم ہیں کیونکہ اس سے بہتر آمدن کے ساتھ ساتھ جدید پیشہ ورانہ مہارتیں اور عالمی تجربہ حاصل ہوتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان سے بیرون ملک جانے والے متعدد ورکرز غیر ہنرمند کیٹیگری میں شامل ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں بہتر تنخواہوں اور ترقی کے مواقع کے حصول میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں کامیابی کے لیے جدید مہارتوں کا حصول ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکل ڈویلپمنٹ نوجوانوں کے روشن مستقبل کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے استحکام کی بھی ضمانت ہے۔ حکومت میرٹ، مہارت اور مواقع کے امتزاج سے نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بیرون ملک جانے والے نوجوانوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان پاکستان کے سفیر ہیں، جو اپنی محنت، کردار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ہنرمند ورک فورس نہیں ہوگی، عالمی مارکیٹ میں مقام اور عزت حاصل کرنا مشکل ہے۔ پنجاب حکومت نوجوانوں کو جدید ترین ٹریننگ دے رہی ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر بہترین اسکلڈ فورس بن سکیں۔

مریم نواز نے ’’پرواز کارڈ‘‘ منصوبے کے تحت امیدواروں کے انتخاب کو مکمل طور پر میرٹ پر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام میں کوئی سفارشی کلچر نہیں رکھا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے منصوبے کی کامیابی پر عدنان چٹھہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ہنرمند افراد کی تعداد بڑھانا حکومت کا مشن ہے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے بیرون ملک روزگار کے لیے روانہ ہونے والے نوجوانوں سے الوداعی ملاقات کی۔ نوجوانوں نے مریم نواز کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

مریم نواز نے نوجوانوں سے جذباتی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں ایک ماں کی طرح دعائیں دے کر رخصت کر رہی ہیں۔ اس موقع پر کامیاب امیدواروں نے وزیراعلیٰ کو تحائف پیش کیے جبکہ گروپ فوٹو بھی بنوایا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button